پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پر، آئی سی سی نے بھارتی اعتراض مسترد کر دیے

23  ‬‮نومبر‬‮  2021

چیئر مین آئی سی سی کا کہنا ہے کہ یقین ہے کسی ملک کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان جانے میں پریشانی نہیں ہوگی۔
آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے کا ایک بیان میں کہاہے کہ یقین ہے پاکستان چیمپئنز ٹرافی کیلئے بہترین انتظامات کرے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچ کھیلنے اور پاکستان کا سفر کرنے میں دیگر ٹیموں کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ان کا کہنا ہے کہ لمبے عرصے بعد پاکستان میں آئِی سی سی کے ایونٹ کا انعقاد خوش آئند ہے ۔ امید ہے پاکستان بہترین انتظامات کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی نظر میں پاکستان کے پاس یہ سنہری موقع ہے کہ وہ کافی عرصے بعد عالمی ایونٹ کی میزبانی کرے۔انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ چیلنجنگ معاملہ ہے، ہم سیاسی امور کو کنٹرول نہیں کرسکتے اور مجھے امید ہے کرکٹ ان دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کا سبب بنے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو 2008 کی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کے حقوق ملے تھے لیکن سیکیورٹی مسائل کو بنیاد بنا کر اس ایونٹ کی میزبانی پاکستان سے لے لی گئی تھی اور ایونٹ کو ملتوی کردیا گیا تھا۔لاہور میں سری لنکن ٹیم پر 2009 میں حملے کے بعد پاکستان میں سیکیورٹی پر مزید سوالات کھڑے ہو گئے تھے اور پاکستان پر طویل عرصے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔
تاہم 2017 کے بعد ملک میں بہتر ہوتی سیکیورٹی کی بدولت بین الاقوامی ٹیموں نے تواتر سے پاکستان آنا شروع کیا جس سے بڑی ٹیموں کا بھی پاکستان آنے کا سلسلہ شروع ہوا۔انٹرنیشنل ٹیموں کی ملک میں آمد کا سلسلہ شروع ہونے کے ساتھ ساتھ اعتماد بحال ہونے کے نتیجے میں آئی سی سی نے پاکستان کو عالمی ایونٹ کی میزبانی دے دی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved