ایشیا پیسیفک میں امریکی فوجوں کی نقل و حرکت، چین اورروس کی بھی مشترکہ فضائی اور بحری پٹرولنگ

23  ‬‮نومبر‬‮  2021

چین اور روس کی بحری اور فضائی افواج نے ایشیا پیسیفک ریجن میں مشترکہ پٹرولنگ کی ہے، تاکہ دوطرفہ مفادات کے تحفظ کیلئے پیشگی اقدامات کئے جا سکیں۔

روسی وزیر دفاع سرگئی شوگو نے کہا ہے کہ شمال مغربی بحرالکاہل میں چینی اور روسی جنگی جہازوں کی بحری پٹرولنگ جبکہ بحیرہ جاپان اور مشرقی بحیرہ چین پردونوں ممالک کے لڑاکا طیاروں کی پروازیں دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کیلئے بہت اہم تھیں۔

روسی نیوز ایجنسی ٹاس کے مطابق روس کے وزیر دفاع نے چینی ہم منصب وائی فینگ کے ساتھ ورچوئل میٹنگ میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ روسی ایرو سپیس فورس کے میزائل بردار جہازوں اور پی ایل اے کے بمبار طیاروں کی مشترکہ پٹرولنگ کے ہدف سے بھی بہتر نتائج سامنے آئے ہیں، دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ حالیہ مشترکہ پٹرولنگ کے نتائج کا ہر پہلو سے جائزہ لے کر آئندہ ایسی مزید مشقوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔

روسی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی افواج کی مشترکہ تربیت کے عمل کو بھی بڑھانے پر غور کر رہے ہیں، جس میں تینوں بری، بحری اور فضائی افواج کی مشقیں شامل ہوں گی۔ مزید کہا کہ سفارتی سطح کی بات چیت کے علاوہ دونوں ممالک کی فوجی قیادت کی بھی آپس میں بات چیت جاری ہے، جس میں دونوں ممالک کی افواج ایک دوسرے کی آپریشنل اور جنگی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے مستقبل کی جنگی مشقوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔

روسی وزیردفاع نے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے دوران بھی روس چین کے مشترکہ منصوبوں پر کام بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہا، اور دوطرفہ تعلقات بھی بہترین رہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ مغربی ممالک کی امیدوں کے برعکس چین اور روس کے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

یاد رہے کہ روسی صدر نے چند روز قبل اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکہ اور مغربی ممالک چین اور روس کے درمیان رخنہ ڈالنے سے باز رہیں، ہمارے دوستانہ تعلقات کو سبوتاژ نہیں کیا جا سکتا۔ اس پر ردعمل میں چینی وزارت خارجہ نے روسی صدر کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیان دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کا حقیقی عکاس ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved