پاکستان نے بھارت میں بڑھتا اسلاموفوبیا، مسئلہ کشمیر دنیا کے سامنے اٹھا دیا، بلاول بھٹو

7  جون‬‮  2022

وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان نے بھارت میں بڑھتا اسلاموفوبیا اور مسئلہ کشمیر دنیا کے سامنے اٹھا دیا۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو جرمن ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بولے بھارت میں بڑھتے اسلاموفوبیا کے واقعات پر تشویش ہے، بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات سے پوری اُمتِ مُسلمہ کی دِل آزاری ہوئی۔ بھارت کو معافی مانگنا ہوگی۔

بلاول مزید بولے پاکستان دہشتگردی اور انتہا پسندی کا کئی دہائیوں سے سامنا کر رہا ہے، پُرامن افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے مفاد میں ہے، اقوام متحدہ کے مطابق 97 فیصد عوام غربت کی لکیر سے بھی نیچے جا سکتے ہیں، طالبان الٹ سمت میں جارہے ہیں، بحرانوں سے نکلنے کیلئے دنیا کے ساتھ چلنا ہوگا۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نے طویل عرصہ افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کی، توقع ہے کہ افغانستان سے آنیوالے ٹرانزٹ پناہ گزینوں کی جرمنی روانگی کا تیسرا مرحلہ جلد مکمل ہو گا۔ پناہ گزینوں کی روانگی میں اعانت پر پاکستان کو جرمنی یا ای یو سے کچھ نہیں چاہئیے۔ پاکستان جدید مسلم ملک کے طور پر مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ یوکرین کے حوالے سے پاکستان کا موقف نہیں بدلا، پاکستان کسی نئے تنازعہ میں نہیں الجھنا چاہتا، اس کے ساتھ ہی ہمیں یوکرین میں انسانی صورتحال کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ پاکستان یوکرین میں مذاکرات اور سفارت کاری کی حمایت جاری رکھے گا۔

بلاول بھٹو مزید بولے کہ جرمنی پاکستان کا بڑا شراکت دار ہے، جرمنی پاکستان میں براہ راست سرمایہ کرنے والا ساتواں بڑا ملک ہے۔

ادھر جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیئربوک بولیں کہ گذشتہ چند ماہ میں واضح ہوا کہ پاکستان اور جرمنی کن شعبوں میں قریبی تعاون کر سکتے ہیں۔ روسی جارحیت نے عالمی امن کو خطرے میں ڈالا، ہم سب کا فرض ہے کہ یوکرین کہ علاقائی سلامتی اور خودمختاری کے ساتھ کھڑے ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی بات کہ جائے تو ہم سب ایک ہی گھر میں رہتے ہیں، قابل تجدید توانائی کے حوالے سے بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون پر بات ہوئی ہے۔

اینالینا بیئربوک کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان کے برسراقتدار آنے میں افغان عوام کا کوئی قصور نہیں، افغانستان میں صورت حال تباہی کی طرف جا رہی ہے، افغانستان میں ہمارا اثر رسوخ انتہائی محدود ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved