ثاقب نثار کو اک دن آڈیو کا جواب دینا پڑے گا، مریم نواز

24  ‬‮نومبر‬‮  2021

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو اک دن لیک آڈیو  کا جواب دینا پڑے گا۔

پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  آڈیو کی فرانزک ایک امریکی ادارے نے کی ہے، آڈیو کے ساتھ امریکی فرانزک رپورٹ بھی ہے، آڈیو کو جھوٹ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی۔

ثاقب نثار بتائیں کس نے سزا دینے پر مجبور کیا

مریم نواز نے کہا کہ پہلے ثاقب نثار نے کہا تھا کہ یہ آواز ان کی نہیں ہے، ثاقب نثار کو آج نہیں تو کل سچ بتانا پڑے گا۔ ثاقب نثار بتائیں کس نے انہیں کہا کہ عمران خان کو لانا ہے،  کیا آپ اس بات سے انکار کرسکتے ہیں کہ عوام کے منتخب وزیراعظم نوازشریف کو سازش کے تحت ہٹایا گیا، کیا اس بات سے انکار کرسکتے ہیں کہ عمران خان سے کہا گیا کہ نوازشریف کے خلاف درخواست ان کے پاس لائیں۔

نواز شریف کے حق میں پانچویں گواہی ہے

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سب سے پہلی گواہی جسٹس شوکت صدیقی کی تھی انہوں نے سنگین الزام لگائے اور کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی ان کے گھر آئےاور نواز شریف کو سزادینے کا کہا، تین سال میں جنرل فیض نے کبھی اس بات کی تردید نہیں کی، جج ارشدملک کو بھی سچ بولنے کےجرم میں انہیں نکال دیاگیا۔

 عدلیہ نواز شریف کو انصاف دے

مریم نواز نے کہا کہ ثاقب نثار کے گناہوں کا بوجھ عدلیہ نہ اٹھائے، عدلیہ اس معاملے سے خود کو علیحدہ کرلے، ججز کے ہاتھ میں ہے نواز شریف کو انصاف دیں اور اپنے چہرے سے اس دھبے کو دھوئیں، ہم انہیں یہ موقع دے رہے ہیں۔ ثاقب نثار22کروڑعوام کے مجرم ہیں، وہ جتنی جلدی غلطیاں سدھارلیں گےبہترہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے منتخب وزیر اعظم کو ایک سازش کے تحت عہدے سے ہٹایا گیا، نواز شریف کے کیس میں تاریخ میں پہلی بار سپریم کورٹ خود اتھارٹی بنی اور نواز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کیے گئے۔لیگی رہنما نے کہا کہ جب پنڈورا پیپرز آئے تو اس وقت جے آئی ٹی کہاں تھی؟ پاکستان کی تاریخ میں کونسا ایسا کیس ہے جس میں سپریم کورٹ، نیب کو ریفرنس بھیجتا ہے اور اس پر ایک مانیٹرنگ جج بٹھایا جاتا ہے۔

آڈیو ثاقب نثار کے خلاف چارج شیٹ ہے

لیگی رہنما نے کہا کہ آڈیو ثاقب نثار کے خلاف چارج شیٹ ہے، آپ نے اپنی آڈیو میں خود کہا کہ عمران خان کو لانا ہے، چیف جج گلگت بلتستان کا بیان حلفی بھی سامنے آیا ہے، ملک میں انصاف کس طرح عمل میں لایا جاتا ہے، یہ سب کے سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو آپ نے تاحیات نا اہل کر دیا، مجھے کوئی عوامی عہدہ رکھے بغیر 7 سال کیلئے نا اہل کر دیا۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ ثاقب نثار چپ ہیں اور حکومتی وزرا  ان کے دفاع میں ہلکان ہورہے ہیں، عمران خان نے مہنگائی پر اجلاس نہیں بلایا مگر ثاقب نثار کی آڈیو پر اجلاس بلالیا، جب آپ ثاقب نثار کےدفاع میں ہلکان ہوں گے تو یہ بات ان کے حق میں نہیں جاتی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved