اوگرا نے خبردار کیا ہے کہ کل تیل کی فراہمی میں تعطل ڈالنے والے عناصر کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں خلل ڈالنے کے حوالے سے منظر عام پر آنے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے تمام کمپنیوں کو بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ پاکستان پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن کی 25 نومبر 2021ء کو ہڑتال کی کال کے پیش نظر اوگرا نے صورتحال پر نظر رکھنے اور ملک بھر میں تیل کی سپلائی یقینی بنانے کیلئے انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
اوگرا ترجمان کے مطابق ٹیمیں ملک بھر میں تیل کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فیلڈ میں مانیٹرنگ کریں گی، اور تیل کی سپلائی میں رخنہ ڈالنے والے عناصر کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزارت توانائی پٹرولیم ڈویژن کے ترجمان نے کہا ہے کہ عوام کو فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں،کیونکہ کل پورے ملک میں پی ایس او، شیل اور ٹوٹل سمیت دیگر کمپنیوں کے پٹرول پمپس کھلے رہیں گے۔ترجمان کے مطابق آئل سپلائی میں تسلسل برقرار رکھنے کیلئے آئل ٹینکروں کو روانہ کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے مطالبات تسلیم نہ ہونے اور حکومت کی جانب سے رابطہ نہ کئے جانے کے باعث 25 نومبر 2021ءکو ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے، پاکستان پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے پٹرول پمپس صبح 6 بجے بند کر دئیے جائیں گے۔