مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں امریکہ، اسرائیل کی ایران پر بڑے حملے کی تیاریاں

24  ‬‮نومبر‬‮  2021

امریکی نشریاتی ادارے این بی سی کی رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور دیگر اتحادی ممالک ایران کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں پلان بی کی بھی تیاریاں کر رہے ہیں، جس میں سخت پابندیوں سمیت فوجی آپریشن بھی شامل ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے نے مذاکرات میں فریق اہم ذرائع سے بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے ان کے مطابق مذاکرات میں کامیابی کے امکانات انتہائی کم ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق اگر ویانا میں ہونے والے مذاکرات ناکام ہوتے ہیں تو صورتحال فوراً  امریکہ اور ایران کے درمیان 2015ء  کے جوہری معاہدے سے پہلے جیسی کشیدگی کی طرف جاسکتی ہے۔ اس وقت اسرائیل نے ایران کی جوہری تنصیبات پر فوجی حملے پر سنجیدگی سے نہ صرف غور کیا تھا بلکہ اہداف کا تعین بھی شروع کر دیا تھا، جبکہ واشنگٹن اور یورپ نے تہران پر سخت پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ امریکی حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران کا جوہری پروگرام 2015ء کی نسبت اب بہت مضبوط ہے، اب ہمارے پاس وقت بہت کم ہو گا۔

امریکہ کی جانب سے جاری کی گئی حالیہ تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ اب ایران کو ہنگامی طور پر ایٹمی ہتھیار بنانے کیلئے صرف چند ہفتے درکار ہونگے جبکہ 2015ء کے جوہری معاہدے کے وقت یہ دورانیہ ایک سال پر محیط تھا۔

امریکہ کے سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمیں کوئی ایک بھی وجہ سمجھ نہیں آتی جس کے باعث تہران 2015ء کے جوہری معاہدے کی دوبارہ بحالی چاہے گا، کیونکہ وہ اس وقت پہلے سے بہتر پوزیشن میں ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران کے خلاف ممکنہ آپریشنز میں چین کو ایران سے تیل کی درآمد سے روکنے کیلئے راضی کرنا، معاشی پابندیاں سخت کرنا، عارضی جوہری معاہدے پراتفاق کرنا، ایران کے خلاف خود فوجی آپریشن کرنا اور اسرائیل کے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملے کی حمایت کرنا شامل ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ ایران کے عالمی طاقتوں کے ساتھ 2015ء کے جوہری معاہدے کی بحالی کیلئے مذاکرات کا آغاز 29 نومبر 2021ء کو ویانا کے دارالحکومت آسٹریا میں ہو رہا ہے۔ دوسری جانب اسرائیل کا کہنا ہے کہ ہم ان مذاکرات کے فریق نہیں، اور نہ ہی یہ مذاکرات ہمِں ایران کے خلاف کاروائی سے روک سکتے ہیں، ایران نے ایٹمی ہتھیاروں کے حصول کیلئے جب بھی ریڈ لائن کراس کی تو اس کے خلاف فوجی آپریشن کیا جائے گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved