وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے آرڈیننس جاری کر دیا ہے، جس کے تحت انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال ہو گا، اور آئی ووٹنگ بھی ہو گی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے آرڈیننس کے مطابق میئر اسلام آباد کی 12 رکنی کابینہ ہو گی، اور میئر کا انتخاب براہ راست ووٹنگ سے 4 سال کی مدت کیلئے ہو گا۔ آرڈیننس کے مطابق میونسپل کارپوریشن اسلام آباد کے ارکان کی تعداد 70 ہوگی، ترقیاتی کام، تعلیم، بنیادی صحت، پبلک ٹرانسپورٹ، پارکس، واٹر سپلائی، صفائی کا نظام اور اسٹریٹ لائٹس کی مینجمنٹ میونسپل کارپوریشن اسلام آباد کے پاس ہو گی۔
آرڈیننس کے مطابق ہر نیبرہڈ کونسل 20 ہزار آبادی پر مشتمل ہوگی، 10 رکنی نیبرہڈ کونسل میں 5جنرل ممبر، ایک خاتون، ایک مذہبی رکن شامل ہوگا۔ نیبرہڈ کونسل میں خواتین کی 2، سینئر سٹیزن اور یوتھ کا ایک ایک نمائندہ بھی ہوگا۔
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے جاری آرڈیننس کے مطابق پولنگ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے ہو گی، جبکہ آئی ووٹنگ کا استعمال بھی کیا جائے گا۔