عدلیہ کو مبینہ طور پر بدنام کرنے کے الزام میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز ور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کل ہوگی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کل (جمعے) کو کیس کی سماعت کریں گے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی توہین عدالت کے مرتکب ہوئے، دونوں نے عدلیہ کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ شاہد خاقان اور مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
یاد رہے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر، سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق چیف جسٹس سے سوال کیا ہے کہ ثاقب نثار بتائیں کہ آپ کو کس نے مجبور کیا؟۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار بتائیں کہ کس نے انہیں کہا کہ عمران خان کو لانا ہے، بتائیں آپ کو کس نے مجبور کیا کہ نواز شریف اور مجھے سزا دیں، ثاقب نثار بتائیں کہ آپ غیر قانونی اقدامات پر کیوں مجبور ہوئے اور وہ کون تھا جسے آپ بطور چیف جسٹس انکار نہیں کر سکتے تھے۔
دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو کو اپوزیشن اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عدلیہ پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب اعلیٰ عدالتوں کے ججوں پر دباؤ ڈال کر من پسند فیصلے کروانے کے لیے کیا جارہا ہے۔