سری لنکامیں پیٹرول کے حصول کیلئے فسادات، فوج کی فائرنگ، 4 شہری 3 فوجی زخمی

19  جون‬‮  2022

ایندھن کی قلت کے شکار سری لنکا میں شہریوں کے درمیان ہونے والے فسادات پر قابو پانے کے لیے فوج نے فائرنگ کردی ہے جس کے نتیجے میں چار شہری اور تین فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔

سری لنکن فوج کے ترجمان نیلانتھا پریمارتنے نے کہا ہے کہ ہفتے کی شب درالحکومت کولمبو سے 365 کلومیٹر دور واقع ویزوماڈو شہر میں فوجی اہلکاروں نے اس وقت فائرنگ کی جب مشتعل افراد نے ان پر پتھراؤ کیا۔

نیلانتھا پریمارتنے کے مطابق 20 سے 30 افراد کے ایک گروہ نے پتھراؤ کیا اور فوج کے ایک ٹرک کو نقصان پہنچا۔

سری لنکن پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فوج نے ایندھن کی قلت کے باعث پیدا ہونے والی بدامنی اور فسادات پر قابو پانے کے لیے فائرنگ کی جس سے چار شہری اور تین فوجی زخمی ہو گئے ہیں

پولیس کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپ پر پیٹرول ختم ہونے پر گاڑی مالکان نے احتجاج شروع کیا تو صورتحال قابو سے باہر ہو گئی اور پھر ہونے والا احتجاج فوجیوں کے ساتھ تصادم میں تبدل ہو گیا۔

 تین روز قبل ایندھن کی قلت کے باعث سری لنکن حکام نے اعلان کیا تھا کہ ملک کے سرکاری دفاتر اور اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔

سری لنکا بدترین معاشی بحران کے باعث خوراک، ایندھن اور ادویات سمیت دیگر بنیادی ضروری اشیا درآمد کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ اس کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر ختم ہو گئے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved