سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبوں پر پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رہے گا، چین

26  ‬‮نومبر‬‮  2021

چین کے سفارت کار چن منگ نے کہا ہے کہ چین سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبوں پر پاکستان سمیت دیگر شراکت دار ممالک کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، تاکہ  خطے کی مجموعی اقتصادی  اور صنعتی ترقی کے مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔

بیجنگ (اے پی پی):چن منگ نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو(بی آر آئی)کے تحت صنعتی پارکس کی تعمیر اور آپریشن پر 14روزہ سیمینار کے پہلے سیشن میں اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ چین پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کے قیام کے ذریعے نوجوانوں کی فنی تعلیم تک رسائی کو بڑھانے کے لیے بی آر آئی ممالک کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔

سیمینار میں چینی ماہرین صنعتی ترقی، ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ، زیادہ سے زیادہ ترقی کے لیے صنعتی پارکوں کے آپریشنل انتظام پر گفتگو کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں نوجوان ہنر اور علم کے ذریعے مکمل طور پر بااختیار نہیں ہیں اور نہ ہی انہیں جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دی گئی ہے جبکہ صلاحیتوں کو بڑھانے کے وسائل تک ان کی کم رسائی ہے۔

تاہم چین نوجوانوں کی تکنیکی تعلیم تک رسائی کو بڑھانے کے لیے پیشہ ورانہ تربیت کے ادارے قائم کرکے اس خلا کو پر کرنے کے لیے بی آر آئی ممالک کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے کیونکہ صلاحیت سازی صنعتی اور مجموعی اقتصادی ترقی کی کلید ہے جو ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان تعاون کا سب سے اہم شعبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین ایک قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار ہے اور شرکاکو مشورہ دیتا ہے کہ وہ پائیدار ترقی کے لیے اپنے ممالک میں ماحول دوست توانائی کی پیداوار پر توجہ دیں۔ انہوں نے عہد کیا اور یقین دہانی کرائی کہ چین اس سلسلے میں ہر کوشش کی حمایت کرے گا اور چین صنعتی پارکس کے قیام اور آپریڑنگ میں آپ کا ساتھ دے گا اور ہم مل کر اپنی اقوام کے لیے بہت کچھ حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیاں مختلف شراکت دار ممالک میں مقامی نوجوانوں کو صنعتی پارکوں میں ملازمت دے کر تربیت دے رہی ہیں۔ سیمینار کا اہتمام چین کی وزارت تجارت کے ادارے اکیڈمی فار انٹر نیشنل بزنس آفیشلز (اے آئی بی او) نے کیا تھا۔سیمینار کے زیر اہتمام آن لائن ٹریننگ سیشنز میں پاکستان، مصر، سری لنکا ، وینز ویلا، ایتھوپیا اور نائیجیریا سے افسران نے شرکت کی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved