تشدد کے متاثرین کی حمایت کا عالمی دن، صدر مملکت کا کشمیر میں تشدد پر پیغام جاری

26  جون‬‮  2022

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تشدد سے متاثرہ افراد کی حمایت کےعالمی دن پر اس بات کو اجاگر کرنا چاہتا ہوں کہ تمام لوگوں کو بنیادی انسانی حقوق حاصل ہیں، اور انسانی وقار بنیادی حقوق میں سے ایک ہے،تشدد انسانیت کے خلاف ایک جرم ہے اور غیر قانونی بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر میں اسکی صورتحال انتہائی سنگین ہے۔

اتوار کو تشدد سے متاثرہ افراد کی حمایت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا آئین انسانی وقار کو انتہائی محترم رکھتا ہے اور کسی شخص کو تشدد کا نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے تشدد کو ختم کرنے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔ 2010ء میں حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ کے تشدد کے خلاف کنونشن کی توثیق کی۔ یہ کنونشن انتہائی واضح الفاظ میں تشدد کو ممنوع قرار دیتا ہے اور تمام ممالک پر زور دیتا ہے کہ وہ تشدد کرنے والوں کو سزا دیں۔تب سےپاکستان اس معاملے پر کام کر رہا ہے۔ اب ہماری مقننہ کے پاس تشدد کی کارروائیوں کو جرم قرار دینے والا بل موجود ہے جو کہ منظور ہونے کے بعد پاکستان میں ایک ایسے قانون کی حیثیت اختیار کر لے گا جو تشدد کو جرم قرار دے گا تشدد کے مرتکب عناصر کو سزا دے گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اگرچہ تشدد عالمی اور قومی قوانین کے تحت ممنوع ہے، لیکن یہ اب بھی پوری دنیا میں پایا جاتا ہے۔ تشدد انسانیت کے خلاف ایک جرم ہے اور غیر قانونی بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں اسکی صورتحال انتہائی سنگین ہے، جہاں بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے لوگوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ  میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ تشدد ہر حال میں ناقابل قبول اور بلا جواز ہے۔ تشدد کا نشانہ بننے والوں کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ کے درد کا احساس کرتے ہوئے، میں بین الاقوامی برادری اور متعلقہ اداروں پر زور دیتا ہوں کہ وہ تشدد کو روکنے، متاثرین کی بحالی اور ان کو انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved