سینئر وزیر عبد العلیم خان نے ذاتی مصروفیات کی وجہ سے وزارت سے استعفیٰ دیدیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے سینئر صوبائی وزیر اور وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے ملاقات کی۔عبدالعلیم خان نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو اپنی وزارت سے استعفیٰ پیش کیا جبکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے علیم خان کی خدمات کو سراہا۔سینئر وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کا کہنا ہے کہ ٹی وی چینل کی ملکیت کے بعد سینئر وزیر پنجاب کے عہدے اور غیر جانبداری کو برقرار رکھنا مشکل ہو گا۔
عثمان بزدار نے علیم خان کو پارٹی کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کیلئے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں، آپ نے سینئر وزیر اور وزیر خوراک کی حیثیت سے نمایاں خدمات سرانجام دیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سینئر وزیر اور وزیر خوراک کے طور پر علیم خان نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دن وزیراعظم عمران خان سے پنجاب کے سینئر وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان نے ملاقات کی، جس میں وزارت سے استعفیٰ دینے سمیت اہم امور پر بات چیت کی گئی تھی۔