سپریم کورٹ نے چائلڈ پورنوگرافی کے ملزم کی درخواستِ ضمانت مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلانے والے ملزم ضمانت کے مستحق نہیں ہیں۔
سپریم کورٹ میں چائلڈ پورنوگرافی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے عمر خان نامی ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو کیس کا جلد فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے کہا کہ چائلڈ پورنوگرافی معاشرے کا بڑا ناسور اور تباہی کا باعث بنتی جارہی ہے، اس بڑھتے ہوئے خطرے کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا۔عدالت نے مزید کہا چائلڈ پورنوگرافی ویڈیوز پھیلانا معاشرے کو کھوکھلا کرنے کا جرم ہے، ملزم کے وکیل کی یہ دلیل قابل قبول نہیں کہ کوئی متاثرہ فریق سامنے نہیں آیا، ملزم عمر خان پر کیس بچوں کی گندی ویڈیو پھیلانے کا ہے بنانے کا نہیں۔ ملزم عمر خان کی شکایت براہ راست فیس بُک انتظامیہ کی جانب سے کی گئی تھی۔
ملزم کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) ایبٹ آباد نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
خیال رہے گزشتہ برس اگست میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو دی گئی ایک بریفنگ میں بتایا گیا تھا کہ ملک میں سال 2020 کے دوران پورونوگرافی کے سب سے کیسز زیادہ رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔