عدالتی حکم پر عملدرآمد پر کراچی میں نسلہ ٹاور گرانے کا کام جاری ہے،اور عمارت کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں نسلہ ٹاور کو گرانے کا عمل جاری ہے اور نسلہ ٹاور کو گرانے والے ٹھیکیدار کا کہنا ہے کہ عمارت کو گرانے کے لیے مزدور 24 گھنٹے 3 شفٹوں میں کام کر رہے ہیں، کوشش ہے کہ عمارت کو گرانے کے عمل کے دوران کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہو۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر ایسٹ کی درخواست پر کمشنر کراچی نے نسلہ ٹاور کے اطراف دفعہ 144 کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کراچی رجسٹر ی میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی لارجر بینج نے اہم مقدمات کی سماعت کی تھی۔ سپریم کورٹ نے تحریری حکمنامے جاری کر دیئے۔ نسلہ ٹاور کیس میں کمشنر کراچی کو دو سو مزدوروں کی جگہ چار سو مزدور لگانے کی ہدایت کی گئی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ کمشنر کراچی نے بتایا، دو سو افراد نسلہ ٹاور گرانے پر لگائے گئے کمشنر کراچی چار سو مزدوروں کو لگائیں، تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ کمشنر کراچی نسلہ ٹاور کو گرانے کی کارروائی ایک ہفتے میں یقینی بنائیں۔ نسلہ ٹاور گرانے کے عمل کو محفوظ بھی بنایا جائے۔تجوری ہائٹس کیس کے تحریری فیصلے میں کہا کہ وکیل رضا ربانی کے مطابق تجوری ہائٹس کا سٹرکچر گرا دیا گیا، انہوں نے مکمل ملبہ اٹھانے کیلئے 20 دن کی مہلت مانگی۔ عدالت نے تجوری ہائٹس بلڈر کو 20دن میں ملبہ اٹھانے کی مہلت دے دی۔