این اے 133ضمنی الیکشن کیلئےمبینہ طور پرووٹوں کی خریدو فروخت کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے، پی ٹی آئی رہنما نے الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے حلقے این اے 133ضمنی الیکشن کیلئے مبینہ طور پر ووٹوں کی خرید و فروخت کی مبینہ ویڈیو لیک ہوگئی، جس جگہ ووٹ خریدے جا رہےہیں وہاں لیگی امیدوار کےپوسٹرز آویزاں ہیں۔فوٹیج میں دیکھاجاسکتاہے کہ قرآن پر حلف،نام کا اندراج اور رقم دی جارہی ہے جبکہ ووٹ خریدنے والوں نے ماسک پہن رکھےہیں۔
5 دسمبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن سے قبل مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی جانب سے ایک دوسرے پر ووٹ خریدنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔مسلم لیگ ن کے کارکن محمد عارف نے الیکشن کمیشن کو تحریری شکایت درج کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی والے حلقے میں ووٹوں کی خریداری کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے ووٹوں کی خریدوفروخت پر الیکشن کمیشن سےنوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ ویڈیوز بڑا ثبوت ہے،پیسےکا لالچ دےکر ووٹ خریدےجارہےہیں جو کہ کھلم کھلا الیکشن قوانین کی خلاف ورزی ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انتخابی قوانین کے مطابق کسی کےضمیر کو نہیں خریداجاسکتا، ویڈیوز سےثابت ہورہاہے کہ باقاعدہ ضمیرخریدےجارہےہیں، الیکشن کمیشن کواس سےبڑا کیاثبوت چاہیے؟ فوری نوٹس لینا چاہیے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس کے ساتھ انہوں نے ایک کیپشن بھی تحریر کیا ہے۔اعجاز چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ن لیگ کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا، لاہور میں این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں خواتین کو قرآن پاک پر حلف لیکر ووٹ کے بدلے پیسے دیے جا رہے ہیں۔تحریک انصاف کے سینیٹر نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ اسی وجہ سے ن لیگ والے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے خلاف ہیں۔
ن لیگ کا اصل چہرہ بے نقاب۔
لاہور NA 133 الیکشن میں خواتین کو قرآن پاک پر حلف لے کر ووٹ کے بدلے پیسے دیے جا رہے ہیں اسی وجہ سے یہ EVM مشین کے خلاف ہیں۔@PTIofficial pic.twitter.com/8bBNAAVGg5— Senator Ejaz Chaudhary (@EjazChaudhary) November 27, 2021