پاک بحریہ کے جہازوں کا عمان اور بحرین کا دورہ، مشترکہ مشقیں

28  ‬‮نومبر‬‮  2021

پاک بحریہ کے جہاز دہشت، ایس وی بحر مساح اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز ہنگول نے مناہ سلمان، بحرین اور سلطان قابوس عمان کا دورہ کیا۔

بحرین آمد پر پاک بحریہ کے جہازوں کا استقبال بحرین میں پاکستان کے اعلیٰ حکام نے کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشن کمانڈر نے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ چیف آف بحرین نیول فورسز ریئر ایڈمرل محمد یوسف محمد، ڈپٹی کمانڈر رائل بحرین کوسٹ گارڈ کموڈور جاسم محمد الغاتم، کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسز وائس ایڈمرل بریڈ کوپر امریکی بحریہ اور ڈپٹی کمانڈر سی ایم ایف کموڈور ایڈورڈ اہلگرین سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور میری ٹائم ڈومین میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف شعبوں میں مزید تعاون کی توثیق کی گئی۔ بندرگاہ کے دورے کی تکمیل پر، PN جہازوں نے رائل بحرین نیوی کے جہاز RBNS AL AREEN کے ساتھ دو طرفہ مشقیں کیں جس کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو مزید بڑھانا ہے۔

قبل ازیں پاک بحریہ کے جہازوں نے عمان کی بندرگاہ سلطان قابوس کا دورہ کیا۔ بندرگاہ پہنچنے پر عمان میں پاکستان کے دفاعی اتاشی اور عمان کی رائل نیوی کے افسران نے جہاز کا استقبال کیا۔ بندرگاہ پر قیام کے دوران پاک بحریہ کے مشن کمانڈر نے دفاعی اتاشی اور دورہ کرنے والے جہازوں کے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ رائل نیوی آف عمان کے ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اینڈ پلانز کیپٹن جاسم محمد البلوشی سے ملاقات کی۔

 

 

سلطنت عمان کے 51 ویں قومی دن کے موقع پر مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے عمان کے عوام کو ان کے قومی دن پر تہنیتی پیغام پہنچایا۔ عمان کی مجلس شوریٰ اور مجلس الدولہ کے اراکین نے دیگر ممالک کے معززین/ فوجی نمائندوں کے ساتھ پاک بحریہ کے جہازوں کا دورہ کیا۔

پاک بحریہ کے وفد نے عمان کے میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں میری ٹائم سیکیورٹی بالخصوص انسداد اسمگلنگ، انسداد منشیات اور انسداد انسانی اسمگلنگ میں تعاون کے طریقوں پر غور کیا گیا۔

پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کے جہازوں کے عمان اور بحرین کے بندرگاہوں کے دورے برادر ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے اور عرب دنیا کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دیں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved