پشاور کور کی کمانڈ سنبھالنے کے بعد لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے شمالی وزیرستان کا پہلا دور کیا ہے، جس میں انہوں نے قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں کی ہیں۔
کور کمانڈر نے میران شاہ میں اتمانزئی مشران کے ساتھ گرینڈ جرگہ کیا، اتمانزئی مشران کے ساتھ جی او سی سیون ڈویژن میجر جنرل نعیم اختر، ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان اور ڈی پی او عقیق حسین بھی جرگے میں شریک ہوئے۔
اتمانزئی مشران نے افغانستان سے متاثرین کی واپسی، دوطرفہ تجارت بڑھانے، انڈسٹریز بنانے کا مطالبہ کیا، مشران نے مسمار شدہ بازاروں کے معاوضوں کی ادائیگی، یونیورسٹی اور کیڈٹ و میڈیکل کالجز کے قیام کا مطالبہ کیا، اس موقع پر کور کمانڈر پشاور نے اتمانزئی مشران کے مطالبات کو پورا کرنے کی مکمل یقین دہانی کرائی۔
لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے کہا کہ کہ علاقے میں امن و امان کا قیام، ترقی اور خوشحالی فوج اور حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، کور کمانڈر پشاور کا کہنا تھا کہ وزیرستان میں ترقیاتی منصوبوں، تجارت اور تعلیم کو فروغ دیں گے، جس سے علاقے میں ترقی اور خوشحالی کا نیا باب شروع ہوگا۔ کور کمانڈر نے مشران پر نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کی طرف راغب کرنے پر بھی زور دیا۔
اتمانزئی مشران نے میران شاہ کا دورہ کرنے پر کور کمانڈر پشاور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے دورے سے علاقے میں خوشحالی اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔