ایران اوراسرائیل کے درمیان سائبر جنگ کا باقاعدہ آغاز ہو چکا، جو عوامی سطح پر لڑی جا رہی ہے، نیویارک ٹائمز کی رپورٹ

28  ‬‮نومبر‬‮  2021

امریکی جریدے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان سائبر جنگ طول پکڑ چکی ہے، اور یہ جنگ اب عوامی سطح پر لڑی جارہی ہے، لاکھوں افراد اس کے براہ راست نشانے پر ہیں۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پہلے دونوں ممالک کے ہیکرز سرکاری اور دفاعی ویب سائٹس پر سائبر حملے کرتے تھے، لیکن اب یہ بات یہاں تک محدود نہیں رہی، کیونکہ اب دونوں ممالک کے ہیکرز نجی کمپنیوں، نجی شخصیات کے علاوہ بڑے پیمانے پر عام افراد کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر سائبر حملے کر کے ان کی ذاتی معلومات چرا کر ڈیٹا بیسز میں محفوظ کر رہے ہیں۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں ایران کے گیس سٹیشنز اور اسرائیلی کی سرکاری اور فوجی ویب سائٹس پر سائبر حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ ہیکرز کے بڑے اور کامیاب حملے تھے۔ مزید کہا گیا کہ اسرائیلی حکام نے مختلف ہیکرز کو ٹاسک سونپے تھے، اور حملوں کے بعد اہداف کے حصول کا جائزہ بھی لیا گیا۔

نیویارک ٹائمز کا دعویٰ ہے کہ ایرانی ہیکرز نے امریکہ کے ہسپتالوں اور صحت کے آن لائن سسٹم پر بھی بڑا سائبر حملہ کیا تھا جو کہ امریکہ کے آئی ٹی ماہرین نے بروقت Diagnose کر کے ناکام بنا دیا تھا، اور ایران کو آئندہ کیلئے خبردار بھی کیا گیا تھا۔

نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ امریکی دفاعی حکام کی رپورٹ کا حوالہ دیا گیا، جس میں کہا گیا تھا کہ اسرائیلی ہیکرز نے ایران کے گیس سٹیشنز پر سائبر حملہ کیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں ایندھن کی فروخت معطل ہو گئی تھی۔ اس کے چند روز بعد ہی ایرانی ہیکرز نے اسرائیل کی سرکاری، فوجی اور جنسی ویب سائٹس پر حملہ کرکے حساس ڈیٹا چرا لیا تھا، جس کے نتیجے میں اسرائیل کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سائبر حملے کسی بھی ریاست کو نقصان پہنچانے کا بہترین ذریعہ ہیں، کیونکہ اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوتا، لیکن معاشی نقصان بہت زیادہ ہوتا ہے، اسی لئے اب جنگ سمندروں اور فضاؤں کی بجائے ٹیکنالوجی کی بنیاد پر لڑی جا رہی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved