اے ایس ایف میں خواتین کی شمولیت خوش آئند ہے، صدر مملکت

29  ‬‮نومبر‬‮  2021

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےاے ایس ایف میں خواتین کی اچھی تعداد میں شمولیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان اس وقت ترقی کرے گا اور خوشحال ہوگا جب خواتین ہر میدان میں حصہ لیں گی۔

کراچی – (اے پی پی): صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا کے سامنے ملک کا مثبت امیج پیش کرنے کیلئے اعلیٰ اخلاقی اقدار کے ساتھ بہترین معیار کی پیشہ ورانہ مہارت پر زور دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ اے ایس ایف قومی جذبے اور لگن کے ساتھ ملک کی خدمت جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس اکیڈمی میں BASC-49 ایئرپورٹ سیکیورٹی کورس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

 

تقریب میں وفاقی وزیر برائے سول ایوی ایشن غلام سرور خان، اے ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عابد لطیف خان، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئیر جنرل صلاح الدین ایوبی ، کمانڈنٹ اے ایس ایف اکیڈمی لیفٹیننٹ کرنل یاور عباس کے علاوہ تاجر رہنماؤں، سفارت کاروں اور دیگر معززین نے شرکت کی ۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اے ایس ایف اکیڈمی میں 24 ہفتوں کا ایئرپورٹ سیکیورٹی ٹریننگ کورس مکمل کرنے پر شرکاء کو مبارکباد پیش کی۔صدرمملکت نے کہا کہ جب آپ قومی سلامتی کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے عوام کے ساتھ شائستگی سے پیش آتے ہیں تو آپ کی پیشہ ورانہ مہارت کا اندازہ لگایا جاتا ہے اور عوام کے میں مثبت تاثر بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس کی وباء کے دوران اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے اور افغانستان سے حالیہ انخلاء کے دوران خدمات فراہم کرنے پر اے ایس ایف کو سراہا گیا ہے جس سے دنیا میں بھی مثبت تاثر گیا ۔

انہوں نے اے ایس ایف میں خواتین کی اچھی تعداد میں شمولیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اس قول کا حوالہ دیا کہ پاکستان اس وقت ترقی کرے گا اور خوشحال ہوگا جب خواتین ہر میدان میں حصہ لیں گی۔قبل ازیں انہوں نے تربیتی کورس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے ۔

 

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved