سپریم کورٹ کا خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر اور شیڈول کے مطابق کروانے کا حکم۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کے پشاور ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف کے پی حکومت کی اپیل پر سماعت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے استدعا کی کہ صرف الیکشن نہیں صحیح معنوں میں نمائندگی کی ضرورت ہے، ہائیکورٹ نے جو حکم دیا اس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں، اگر عدالت حکم امتناع نہیں دیتی تو الیکشن کی تاریخ بدلنے کی اجازت دے۔
سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے شیڈول میں تبدیلی کی صوبائی حکومت کی درخواست مسترد کردی۔
دورانِ سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ ملک میں جمہوریت کو تقویت دینے کیلئے سیاسی جماعتوں کو مضبوط کرنا ضروری ہے، سیاسی جماعتوں کو سیاسی عمل سے نہیں نکالا جاسکتا۔ تاریخ تبدیل کرنے کے ہم سخت مخالف ہیں۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت عدالت میں نہیں آئی، سیاسی جماعتوں کو آکر کہنا چاہیئے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے سے نقصان ہورہا ہے۔
عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔