ترجمان ٹرانس پشاور محمد عمیر خان نے کہا ہے کہ بی آر ٹی سروس کو بی آر ٹی پشاور کی عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔
ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق بین الاقوامی سطح پر پائیدار ٹرانسپورٹ ایوارڈ کیلئے بی آر ٹی پشاور کو اعزازی تذکرہ کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ عالمی سطح کے ٹرانسپورٹ ایوارڈ حاصل کرنے کی دوڑ میں بھارت اور امریکہ سمیت 31 ممالک بھی شریک تھے۔ترجمان ٹرانس پشاور کا مزید کہنا تھا کہ 31 ملکوں کی نامزدگی میں پاکستان اور بی آر ٹی پشاور کی اعزازی تذکرہ میں نامزدگی بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔
خیال رہے کہ بی آر ٹی پشاور یومیہ 2 لاکھ سے زائد مسافروں کو بہترین سفری سہولت فراہم کر رہی ہے۔بی آر ٹی منصوبے کے تحت صوبائی دارالحکومت پشاور میں عوام کے لیے میٹرو بس منصوبوں کی طرز پر آرام دہ سفری سہولت فراہم کی گئی ہے۔اس منصوبے کے تحت پشاور شہر کے بیچوں بیچ 27 کلومیٹر طویل خصوصی ٹریک تعمیر کیا گیا ہے جو پشاور شہر کے اہم علاقے کارخانو بازار سے شروع ہو کر چمکنی کے علاقے تک جاتا ہے۔پشاور بی آر ٹی منصوبے کو چلانے اور دیکھ بھال کے لیے صوبائی حکومت نے ٹرانس پشاور نامی ریپڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا قیام کیا ہے۔