مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اور ڈی جی نیب ملک سے فرار ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔
آج اسلام آباد میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ میں آئندہ تاریخ پر اس کی باقاعدہ درخواست دوں گا کہ چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں، تاکہ جھوٹے کیسز بنانے پر عوام ان کا احتساب کر سکے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت نیب کے ذریعے اپوزیشن جماعتوں کی کردار کشی کر رہی ہے۔مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے اربوں ڈالرز قرضہ لینے کے باوجود ایک روپے کا بھی ترقیاتی کام نہیں کیا،آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق کورونا پیکیج میں 40 ارب روپے کی کرپشن ہوئی، ان کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث سرکاری افسران پین ڈاؤن موڈ میں آچکے ہیں، جس کی وجہ سے ریاستی مشینری کام نہیں کر رہی۔
یا نیب رکھ لیں، یا یہ ملک رکھ لیں، شاہد خاقان عباسی
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نیب کو ختم کر دیں، یا اس میں ایک شق ڈال دیں کہ نیب کا اطلاق صرف مسلم لیگ (ن) پر ہو گا، ہم اس کیلئے بھی تیا ر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب صرف یہ چوائس رہ گئی ہے کہ یا نیب رکھیں یا ملک رکھیں۔