مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماہانہ 11.5 فیصد مہنگائی ہونا حکومت کے عوام پر ظلم اور معاشی بربادی کا اعتراف جرم ہے۔
اپنے بیان میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا سال کی بلند ترین سطح پرپہنچنا غریبوں کیلئے قیامت اورمعیشت کی تباہی کی دلیل ہے، مہنگائی 13 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، عوام مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں، حکومتی بیانات سے یہ آگ نہیں بجھے گی۔ انہوں نے حکومتی پالیسیوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور گزارا نہ ہونے پر عوام خودکشیاں کررہے ہیں اور حکمران انہیں نہ گھبرانے کی تلقین کررہے ہیں۔
ماہانہ 11.5 فیصد مہنگائی ہونا حکومت کے عوام پر ظلم اور معاشی بربادی کا اعتراف جرم ہے
مہنگائی، بے روزگاری اور گزارا نہ ہونے پر عوام خودکشیاں کررہے ہیں اور حکمران انہیں نہ گھبرانے کی تلقین کررہے ہیں
— President PMLN (@president_pmln) December 1, 2021
حکومت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کا فائدہ عوام تک پہنچائے
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو چکر نہ دے، بلکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کا عوام کوفائدہ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا ہوتا تو آئی ایم ایف کی شرائط پر ایک اور منی بجٹ کا بم قوم پر نہ گرایا جاتا، جو حکومت بجٹ کے نام پر قوم کو دھوکہ دے، آئی ایم ایف کی عوام اور قومی مفاد کی دشمن شرائط تسلیم کرے، وہ ناقابل اعتبار ہے۔ مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی شرط کے تحت پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں 4 روپے ماہانہ اضافہ ہونا ہے، قوم خبردار رہے۔
مہنگائی کے بڑھتے ہوئے اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غریب عوام گھی کا ڈبہ خریدنے سے مجبور ہوچکے ہیں، مہنگائی سے عوام مررہے ہیں۔ ٹماٹر، گھی، خوردنی تیل، چاول، پھل، سبزیاں، انڈے، گوشت، دودھ، چینی، ادویات، تعمیراتی سامان مہنگے ہوگئے، یہ اچھے دن آئے ہیں؟