وزیراعظم نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس میں متعلقہ اداروں کو کھاد، گندم، چینی، آٹے اور پٹرول کی سمگلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء شیخ رشید، اسد عمر، خسرو بختیار، سید فخر امام، حماد اظہر، مشیر خزانہ شوکت ترین، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، گورنر اسٹیٹ بنک، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر متعلقہ سینئر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس pic.twitter.com/xg8ZUXPHbP
— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) December 1, 2021
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کے ایف آئی آے نے ڈالر کی منی لانڈرنگ اور غیر قانونی ہولڈنگ کے خلاف وسیع تحقیقات کی ہیں۔ بارڈر کراسنگز پر افرادی قوت بڑھائی جا رہی ہے تاکہ مال کی چیکنگ اور نقل و حرکت کی ٹریکنگ ممکن بنائی جا سکے۔
وزیراعظم عمران خان کا اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسمگلنگ کی وجہ سے ملک کی معیشت کو شدید نقصان پہنچتا ہے، اسمگلنگ کی وجہ سے مصنوعی قلت پیدا ہوتی ہے جس کی وجہ سے اشیاء کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گندم، یوریا، چینی، آٹا اور پٹرول کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں، ان کا کہنا تھا کہ اقدامات کا مقصد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔