برطانوی جریدے دی اکانومسٹ نے دنیا کے مہنگے اور سستے ترین شہروں کی فہرست جاری کی ہے، جس میں پاکستان کا ایک شہر بھی شامل ہے۔
دی اکانومسٹ کی مالیاتی رپورٹ کے مطابق دنیا کا مہنگا ترین شہر تل ابیب ہے، جس نےاس سال مہنگائی میں پیرس اور سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
A strong shekel and rising prices for alcohol, groceries and transport have pushed Tel Aviv to the top of @TheEIU's ranking https://t.co/QqyWHTrdAc
— The Economist (@TheEconomist) December 1, 2021
یاد رہے کہ گذشتہ برس پیرس اور زیورخ مشترکہ طور پر دنیا کے مہنگے ترین شہر تھے، جبکہ اس سال پیرس اور سنگاپور مشترکہ طور پر دنیا کے دوسرے مہنگے ترین شہر قرار پائے ہیں۔
گذشتہ برس دنیا کا مہنگا ترین شہر قرار دیا جانے والا زیورخ اس سال تیسرا مہنگا ترین شہر قرار پایا ہے۔
دی اکانومسٹ کے مطابق ہانگ کانگ چوتھا جبکہ نیویارک دنیا کاپانچواں مہنگا ترین شہر ہے۔
جنیوا چھٹا، کوپن ہیگن ساتواں، اور امریکی شہر لاس اینجلس آٹھواں جبکہ اوساکا دنیا کا نواں مہنگا ترین شہر ہے۔
دنیا کےسستے ترین شہر
اگر دنیا کے سستے ترین شہر کی بات کی جائے تو گذشتہ برس کی طرح اس سال بھی شام کا دارالخلافہ دمشق دنیا کا سستا ترین شہر رہا۔
دی اکانومسٹ کی مالیاتی رپورٹ کے مطابق لیبیا کا شہر تریپولی دوسرا جبکہ ازبکستان کا کا دارالخلافہ تاشقند دنیا کا تیسرا سستا ترین شہر ہے۔
تیونس چوتھے اور قازقستان کا شہر الماتے پانچویں نمبر پر ہیں۔
دی اکانومسٹ کے مطابق کراچی دنیا کا چھٹا سستا ترین شہر قرار پایا ہے۔
دیگر سستے ترین شہروں کی فہرست میں بھارتی شہر احمد آباد 7ویں، الجزائر 8 ویں، بیونس آئرس 9 ویں اور زیمبیا کا دارالحکومت لوساکا 10 واں نمبر پر موجود ہیں۔
برطانوی مالیاتی جریدے دی اکانومسٹ میں دنیا بھر کے 173 شہروں کے اعدادوشمارکو شامل کیا گیا تھا، اور ان شہروں کی 50 ہزار اشیا اور سروسز کی قیمتوں کا ڈیٹا اگست اور ستمبر کے دوران جمع کیا گیا۔ دی اکانومسٹ کی رپورٹ کے مطابق کورونا کے معیشتوں پر اثرات کو مدنظر رکھ کر اس رپورٹ کو مرتب کیا گیا ہے۔