وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ پاکستان میں تمام مذاہب کا یکساں احترام کیاجاتا ہے، وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں اقلیتوں کے خلاف کوئی قانون سازی نہیں ہوگی۔
اسلام آباد –(اے پی پی): اسلام آباد میں لیڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہارتا وہی ہے جو ہار کو مانتا ہے، جیتتا وہی ہے جس کا یہ ایمان ہوتا ہے کہ اگر میں ڈھونڈوں گا تو پاؤں گا ،اگر میں دستک دوں گا تومیرے لیے درکھولا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے سے پنجاب میں 40 حلقوں کا فیصلہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کریں گے، پورے پاکستان میں تقریبا 80حلقوں کا فیصلہ اوور سیز پاکستانیوں کا ووٹ کرے گاجو کہ پڑھے لکھے اور زیادہ ذمہ دار لوگ ہیں اور زیادہ ذمہ داری سے ووٹ کاسٹ کرتے ہیں۔
شیخ رشید احمد نے کہاکہ مسیحی برادری میرے دل کے قریب ہے، یقین دلاتا ہوں کہ عمران خان کی حکومت میں ان کے لئے انجیل یا بائبل سے متصادم کوئی بل پاس نہیں ہوگا، عمران خان ایک مذہبی ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں اور مذہبی ریاست مدینہ کا یہ لازمی جزو ہے کہ دوسرے مذاہب کے لوگوں کا بھی اتنا ہی احترام کیاجائے جتنا کہ ان کے اپنے مذہب کاکیا جاتا ہے۔
یکم دسمبر:
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد اسلام آباد جناح کنونشن سینٹر میں مسیحی برادری کی پری کرسمَس تقریب سے خطاب.
(ایڈمن پوسٹ) https://t.co/Tc0IG0n2DJ@GovtofPakistan@PTVNewsOfficial pic.twitter.com/o8N5xlI89s— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) December 1, 2021
مسیحی محنت کش لوگ ہیں ،پاکستان میں کسی مسیحی کو مانگتے ہوئے نہیں دیکھا ۔انہوں نے کہا کہ لال حویلی کے دروازے مسیحی بھائیوں کیلئے ہر وقت کھلے ہیں ،مسیحیوں کو مذہبی عبادات کی مکمل آزادی ہے، مسیحی عام طور پر شدت پسند نہیں ہوتے نہ ہی کسی دیگر غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہوتے ہیں اس لیے میرے دل میں مسیحی برادی کیلئے احترام ہے۔