سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مہنگائی اور دیگر قومی مسائل کا صرف ایک حل ہے کہ ملک میں فی الفور نئے اور آزادانہ انتخابات کرائے جائیں۔
آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ہر وہ شخص جسے عوام نہیں جانتے وہ حکومت کا ترجمان ہے، جو اپوزیشن کو برا بھلا کہنے کے پیسے لیتے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ اب گالی گلوچ اور جھوٹ بولنے سے کام نہیں چلے گا، اور نہ ہی اس سے ملک کےمسائل حل ہوں گے، پاکستان کے مسائل حل کرنے کا صرف ایک رستہ ہے کہ ملک میں شفاف اور فوری انتخابات کروائے جائیں۔
ملک میں جاری مہنگائی کی بڑھتی ہوئی لہر کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اس حکومت کی واحد کامیابی یہ ہے کہ انہوں نے مہنگائی کے اعدادوشمار میں دنیا کے 200 ممالک میں پاکستان کو تیسرے نمبر پر لاکھڑا کیا ہے، اور جب تک یہ جائیں گے اس وقت تک پاکستان مہنگائی میں دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آ جائے گا، اور یہ ان کی واحد کامیابی ہوگی۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نومبر 2020ء کے مقابلے میں آج مہنگائی11.5 فیصد زیادہ ہے روز مرہ ضروریات اشیا میں 18.1 فیصد اضافہ ہوچکا ہے یہ پاکستان کی تاریخ کا بدترین اضافہ ہے اگر اس ملک کی پروا ہے تو ملک کا وزیراعظم پارلیمان میں آکر بتائے۔
نومبر 20 کے مقابلے میں آج مہنگائی11.5 فیصد زیادہ ہے روز مرہ ضروریات اشیا میں 18.1 فیصد اضافہ ہوچکا ہے یہ پاکستان کی تاریخ کا بدترین اضافہ ہے اگر اس ملک کی پروا ہے تو ملک کا وزیراعظم پارلیمان میں آکر بتائے.شاہدخاقان عباسی pic.twitter.com/lb1R3S9XHn
— PML(N) (@pmln_org) December 2, 2021
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی سے بڑی نیشنل سیکیورٹی اور کیا ہے، ادھر عوام تکلیف میں ہیں، اور حکومت قرضے لے کر اپنی تنخواہیں ادا کر رہی ہے، نیشنل سیکیورٹی کی حالت یہ ہے۔
چیئرمین نیب حکومتی وزراء کی کرپشن پر خاموش ہیں
رہنماء مسلم لیگ ن کا احتساب کیسز کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت کے تمام فیصلے کرپشن پر مبنی ہوتے ہیں، لیکن آج چیئرمین نیب خاموش ہیں، لیکن ایک دن آئے گا کہ ان سب کی کرپشن دنیا کے سامنے آئے گی، کیونکہ انہوں نے ایسے فیصلے کئے ہیں جن کے نتائج پاکستان کے عوام بھگت رہے ہیں۔