مستقل اور ہنگامی اقدامات نہ کئے تو 2022ء دنیا کیلئے تباہ کن سال ہو گا، اقوام متحدہ

3  دسمبر‬‮  2021

اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں جاری بحرانوں پر جائزہ رپورٹ میں کہا ہے کہ اگر ان بحرانوں سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات نہ کئے گئے تو 2022ء دنیا کیلئے تباہ کن سال ہو گا۔

اقوام متحدہ کے دفتر برائے تعاون انسانی امور نے ’’عالمی انسانی ہمدردی کا جائزہ 2022ء‘‘ کے متعلق شائع کی گئی ایک رپورٹ میں کہا کہ افغانستان کو 27 سالوں میں بدترین قحط سالی کے باعث شدید غذائی قلت، سیاسی و معاشی عدم استحکام کا سامنا ہے جہاں 2کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ افراد کو تباہی سے بچنے کیلئے فوری امداد کی ضرورت ہے۔

رپورٹ کے مطابق شام میں بنیادی سہولیات کی فراہمی بنیادی طور پر ناکافی ہے، اور تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے، اہم سپلائیز کی کمی اور تیزی سے مالی عدم برداشت کی وجہ سے شدید مشکلات کا بھی سامنا ہے، جبکہ اگست 2020ء میں ایک گھرانے کے اخراجات دستیاب آمدنی سے 20 فیصد زیادہ تھے جو اب بڑھ کر 50 فیصد ہو گئے ہیں۔

یمن میں شدید غذائی قلت اور عدم تحفظ کے باعث ایک کروڑ 62 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، جبکہ ایتھوپیا میں 2کروڑ 59 لاکھ  افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ ہیٹی میں کورونا وائرس کی وبا اور 7.2 شدت کے زلزلےکے اثرات کے ساتھ ساتھ سماجی اقتصادی، سیاسی اور سلامتی کی صورتحال پریشان کن ہے، جس کے باعث ملک کی 43 فیصد آبادی کو انسانی امداد کی ہنگامی بنیادوں پر ضرورت ہے ۔

اقوام متحدہ کے تازہ ترین جائزے کے مطابق کورونا وائرس کی وبا نے مزید 2 کروڑ افراد کو شدید غربت میں دھکیل دیا ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی وجہ سے 2050ء تک 21 کروڑ 60 لاکھ افراد کو بے گھر ہونا پڑ سکتا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved