بے حسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ہے، ہم نے معاشرے میں ٹائم بم لگا دیئےہیں، فواد چوہدری

4  دسمبر‬‮  2021

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ بے حسی اور بڑے طوفان کا پیش خیمہ ہے، ہم نے معاشرے میں ٹائم بم لگا دیئے ہیں، ان بموں کو ناکارہ نہ کیا تو پھٹیں گے ہی ۔

فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کل سے سوچ رہا تھا کہ سیالکوٹ واقعے پر کیا لکھوں، لفظ تو بے عمل ہو گئے ہیں۔

فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ایسے واقعات صرف 48 گھنٹے ہمیں تکلیف دیتے ہیں، پھر سب نارمل ہو جاتا ہے اور تب تک احساس دفن رہتا ہے جب تک اگلا واقعہ نہ ہو۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا یہ بے حسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ہے، ہمارے سامنے ملکوں میں خون کے دریا بہہ گئے۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم نے معاشرے میں ٹائم بم لگا دیے ہیں، ان بموں کو ناکارہ نہ کیا تو وہ پھٹیں گے نہیں تو اور کیا کریں گے، وقت ریت کی طرح ہاتھوں سے نکل رہا ہے بہت توجہ چاہیے۔

 دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیالکوٹ کے دردناک واقعہ پر ہر پاکستانی افسردہ ہے، غیر ملکی شہری کو جلانے کا واقعہ انتہائی دلخراش اور قابل مذمت ہے، ذمہ دار عناصر انسان کہلانے کے حقدار نہیں، ملزمان عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے، انصاف ہر صورت ہوگا اور ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سیالکوٹ کی فیکٹری میں مشتعل ہجوم نے سری لنکن منیجر کو توہین رسالت کے الزام میں بے دردی سے قتل کر کے لاش کو آگ لگا دی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے واقعے پر سخت ندامت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ معاملے کی خود نگرانی کر رہا ہوں، جو بھی قصور وار ہوا اسے سخت سزا دلوائیں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved