پاکستان الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پائلٹ پراجیکٹ کے نتائج کی روشنی میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔
میڈیا کے مطابق الیکشن کمیشن نے پائلٹ پراجیکٹ کیلئے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سے رجوع کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں تجربے کیلئے 70 کے قریب مشینیں فراہم کی جائیں۔
الیکشن کمیشن کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے جواب کا انتظار ہے۔ ای وی ایم کی فراہمی کے شیڈول پر فیصلہ ہوگا کہ تجربہ کس صوبے کے الیکشن میں ہوگا۔
قبل ازیں جمعرات 2 دسمبر کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پنجاب کا نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ اگلے چند روز میں منظور ہو جائے گا اور انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار لوکل باڈیز ایکٹ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر انتخابات کی شق شامل کرنے کی منظوری دے چکے ہیں۔ جبکہ الیکشن کمیشن نے بھی پنجاب حکومت سے نیا ترمیمی بلدیاتی مسودہ طلب کرلیا ہے۔