پاکستان کی فوجی عدالت نے 3فوجی افسران سمیت 4افراد کو سزائیں سنائی ہے،جس میں ادریس خٹک کو فوجی عدالت نے 14سال قید کی بامشقت سزا سنائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ادریس خٹک پر بڑا الزام ہے کہ انہوں نے امریکا کو ڈرون حملوں کیلئے معلومات فراہم کی تھیں۔ فوجی عدالت نے ناقابل تردید شواہد سامنے آنے کے بعد انھیں سزا سنائی۔ بتایا گیا ہے کہ ادریس خٹک کیخلاف کورٹ مارشل کی کارروائی جہلم میں کی گئی تھی۔ ان پر غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں اور ملک دشمن عناصر کو حساس معلومات دینے کا الزام تھا۔
تاہم ان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ انھیں سرکاری طور پر اس سزا کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دی گئی ہیں۔اس کے علاوہ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے کچھ افراد کے بارے میں معلومات لیک کی ہیں جس کی وجہ سے امریکا ڈروان حملے کرتا تھا۔ اور ان میں درجنوں بے گناہ ہلاک ہوئے تھے۔ سزا پر عمل درآمد کے لیے ادریس خٹک کو جہلم ڈسٹرکٹ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ حساس اداروں نے انہیں 13 نومبر 2019 کو اسلام آباد سے پشاور جاتے ہوئے صوابی انٹرچینج کے قریب گرفتار کیا تھا۔خیال رہے کہ فروری 2021ء میں پشاور ہائیکورٹ نے ادریس خٹک کیخلاف فوجی عدالت میں چلایا جانے والا مقدمہ روکنے کی درخواست خارج کر دی تھی۔
اس سے قبل 15 اکتوبر 2020ء میں سابق چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ مرحوم سیٹھ وقار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ادریس خٹک کیخلاف یہ کارروائی روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس عدالتی کارروائی کو اس وقت تک روک دیا جائے جب تک اس درخواست پر فیصلہ نہیں سنا دیا جاتا۔فوجی عدالت میں ادریس خٹک کیخلاف کیس کی پیروی کرنیوالے وکیل خالد انور آفریدی کا کہنا ہے کہ فوجی عدالت کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کے بارے میں انھیں ابھی تک اپنے موکل کی طرف سے کوئی واضح ہدایات نہیں ملی ہیں۔