این اے 133 کا معرکہ مسلم لیگ (ن) کی شائستہ پرویز ملک نے جیت لیا

5  دسمبر‬‮  2021

این اے 133 کے 254 پولنگ سٹیشنوں کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی امیدوار شائستہ پرویز ملک نے 46811 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔

پیپلز پارٹی نے 2018ء کے عام انتخابات کی نسبت بہتر مقابلہ کیا، اور ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری اسلم گل 32 ہزار 313 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

یاد رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کے امیدوار نے 5585 ووٹ حاصل کئے تھے، اور مجموعی طور پر پیپلزپارٹی چوتھے نمبر پر رہی تھی۔

 این اے 133 ضمنی انتخابات میں ٹرن آؤٹ 18.59 فیصد رہا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے امیدوار جمشید چیمہ کا نام حلقے کی ووٹر لسٹ میں نہ ہونے کی وجہ سے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے تھے۔ پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ ان کا امیدوار میدان میں نہ ہونے کی وجہ سے ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا، جو عوام کے پی ٹی آئی پر اعتماد کا مظہر ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے جیت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اللہ کے حضور سر بسجود ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اپنے مخلص دوست پرویز ملک کے نام کرتا ہوں، اور ان کے نام کرتا ہوں جنہوں نے نواز شریف کے بیانئے پر انتخابی مہم چلائی۔ انہوں نے مسلسل اعتماد پر این اے 133 کے عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا، الحمد للہ، اک واری فیر، شیرررر

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماء پرویز ملک کے انتقال کے باعث یہ نشست خالی ہوئی تھی اور  مسلم لیگ (ن) نے پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز ملک کو ضمنی انتخابات لڑنے کیلئے ٹکٹ جاری کیا تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved