تمام مکتبہ فکر کے علماء کی سری لنکن ہائی کمشنر سے ملاقات، سانحہ سیالکوٹ پر جمعے کو یوم مذمت منانے کا اعلان

7  دسمبر‬‮  2021

تمام مکتبہ فکر کے علماء نے آج سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے وکرما سے ملاقات میں سانحہ سیالکوٹ پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ جمعے کو یوم مذمت منانے کا اعلان کیا۔

سری لنکا کے ہائی کمشنر موہن وجے وکرما کے ساتھ ملاقات کے بعد علماء کے وفد نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس میں علماء کا کہنا تھا کہ بغیر ثبوت کے توہین مذہب کا الزام لگانا غیر شرعی حرکت ہے، ان شرپسند افراد کے خلاف رائج ملکی قوانین کے مطابق سخت سے سخت قانونی اقدامات کئے جائیں۔

حکومت پریانتھا کمارا کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرے

پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئےمفتی تقی عثمانی نے کہا کہ سیالکوٹ واقعے نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا، سیاسی جماعتوں سمیت ہر مکاتب فکر کے علما نے واقعے کی مذمت کی، ہم سری لنکن ہائی کمیشن، حکومت اور عوام سے اظہار تعزیت کرتے ہیں ،اور ان کے غم میں برابر شریک ہیں۔ انہوں نے حکومت سے درخواست ہے کہ متاثرہ خاندان کو معاوضہ ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا ہمارا برادر ملک ہے اورہم  ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے  آئے ہیں۔

پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ اسلامی تعلیمات کے منافی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم اس  ظالمانہ عمل کی سخت  مذمت کرتے ہیں۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سربراہ قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے، ہم یہاں اظہار یکجہتی اور ہمدردی کیلئے آئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ علمائے کرام 10 دسمبر 2021ء بروز جمعہ کو یوم مذمت کے طور پر منائیں گے اور تمام مساجد و امام بارگاہوں میں اس سانحے کی مذمت کی جائے گی۔

شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ عارف واحدی  نے کہا  کہ پوری قوم کی نمائندگی ہم یہاں کر رہے ہیں، اور ہم اس شدت پسندی کی مذمت کرتے ہیں، یہ شدت پسندی پاکستان اور اسلام کے ساتھ دشمنی ہے۔

دوطرفہ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے، سری لنکن ہائی کمشنر

سری لنکا کے ہائی کمشنر موہن وجے وکرما نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ افسوس ناک تھا، لیکن ہم حکومت کے اقدامات سے مطمئن ہیں،ہم برادر ملک ہیں، ہمارے دوطرفہ تعلقات اسے سے متاثر نہیں ہوں گے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز نے تمام مكاتب فكر كے علمائے کرام کی پریس کانفرنس کا اعلامیہ جاری کیا، جس میں سانحہ سیالکوٹ کی مذمت اور ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کے فیصلے کی تعریف کی گئی۔

 

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved