وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم حسن اور حسین نواز کو بھی یہ موقع دینا چاہتے ہیں کہ وہ بھی زندگی میں کبھی اپنے والد کی سابق پارٹی کو ووٹ ڈال سکیں۔
آج وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کے حق پر مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی نے جس طرح سےایک مہم چلائی ہے،میں اس پر حیران ہوں، یہ ایک سیاسی خودکشی ہے، جو ایک کروڑ لوگ پاکستان سے باہر ہیں ان کے اہل خانہ تو اسی ملک میں ہیں، اور آپ نے ان کے خلاف ایک مہم شروع کر رکھی ہے۔
اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا چاہتے ہیں۔۔۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے سے حسن اور حسین بھی اپنے والد کی پارٹی کو ووٹ دے سکیں گے۔۔۔۔ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے خلاف مہم سیاسی خودکشی ہے۔۔۔
1/2@fawadchaudhry pic.twitter.com/8otsbXtSQv— PTV News (@PTVNewsOfficial) December 7, 2021
انہوں نے کہا کہ بہت سارے ایسے پاکستانی ہیں جو پی ٹی آئی کا حصہ نہیں ہیں، اس وقت تو خود نواز شریف کے اہل خانہ بیرون ملک پاکستانی ہیں، حالانکہ وہ کہتے ہیں کہ ہم پاکستانی نہیں برطانوی شہری ہیں، اوراب تو ایسا لگتا ہے کہ جیسے حسن اور حسین نواز نے پاکستانی پاسپورٹ پھاڑ کر پھینک دیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول تو ساری زندگی باہر ہی رہےہیں، لہٰذا ان کی اوورسیز پاکستانیوں سے مخاصمت کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آتی، لیکن یہ ہماری پارٹی کا منشور تھا ہم اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیں گے اور لوگوں نے ہمیں اسی وجہ سے ووٹ دیا تھا۔
الیکشن کمیشن کو سمجھنا ہو گا کہ ای وی ایم سے انتخابات کتنے ضروری ہیں
آئندہ انتخابات میں ای وی ایم کے استعمال کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر الیکشن کمیشن کو اپنی تسلی کرنی چاہیے، اس مقصد کیلئے انہوں نے اپنی تکنیکی کمیٹیاں بنائی ہیں، الیکشن کمیشن سمیت تمام لوگوں کو سمجھنا ہو گا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے انتخابات کتنے ضروری ہیں اور اس سےانتخابی عمل آسان ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین لانے کا واحد مقصد آزاد اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔
حکومت راشن پروگرام کا اجراء کر رہی ہے
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت ہر چیز پر سبسڈی نہیں دے سکتی، لیکن ہم جنوری سے راشن پروگرام شروع کررہے ہیں جس میں 31ہزار سے کم آمدن والے افراد کیلئے 30فیصد کی رعایت دی جائے گی، اس پروگرام کے تحت 2 کروڑ لوگوں کو آٹا 2018ء کے مقابلے میں کم قیمت پر ملے گا۔
میڈیا ادارے کابینہ کی جعلی خبریں چلانے سے گریز کریں
ممیڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے غلط رپورٹنگ پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے ہفتے نجی میڈیا چینلز نے ہیڈ لائن چلائی کہ وزراء کے بیرون ملک دوروں پر پابندی لگا دی گئی ہے، آُ دیکھ لیں کہ صرف اس ہفتے شفقت محمود سعودی عرب میں ہیں، معید یوسف ماسکو گئے ہیں، شاہ محمود قریشی برسلز میں ہیں اور نور الحق قادری دبئی میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ایسی خبروں پر پیمرا پوچھتا ہے تو آپ کہتے ہیں کہ ہمیں تو کسی نےخبر چلانے کیلئے کہا تھا، یہ کوئی طریقہ نہیں ہے، اگر آپ جیسے بڑے ادارے اس طرح سے خبریں چلا دیں گے تو پھر ہم کسی اور سے کیا گلا کریں گے، نیوز ایڈیٹرز حوصلہ کریں کیونکہ جب کابینہ کی جعلی خبریں چلائی جاتی ہیں تو اس سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
وزیراعظم نے سیالکوٹ واقعے کے مجرمان کا ٹرائل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے
سانحہ سیالکوٹ کے متعلق گفتگو کرتے ہوئےوفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے سیالکوٹ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، وزیراعظم اور کابینہ نے ہدایت کی ہے کہ سانحہ سیالکوٹ کے گرفتار ملزمان کے ٹرائل کی جلد از جلد ابتدا کی جائے، اور اسے مکمل کر کے مجرمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
ہم بھارت کی طرح نہیں ہیں
فواد چوہدری کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ بھارت میں روز مسلمانوں کے خلاف سانحہ سیالکوٹ جیسےواقعات رونما ہوتے ہیں، لیکن ہم بھارت نہیں اور ریاست پاکستان اقلیتوں کے ہر فرد کو حقوق دینے کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اسلامی جمہوریہ پاکستان اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کو حقوق دینے کی پابند ہے، پاکستانی معاشرے اور حکومت کے ردعمل سے ثابت ہوا ہے کہ ہم ہندوستان اور بقیہ ایسے ممالک سے بہت مختلف ہیں جہاں ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں۔