وزیر خارجہ کی نیٹو کے سربراہ سٹولٹن برگ سے ملاقات

7  دسمبر‬‮  2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  برسلز میں واقع نیٹو ہیڈ کوارٹر میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ سے ملاقات کی ہے۔

برسلز –(اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی  نیٹو سربراہ کے ساتھ ملاقات میں باہمی تعلقات، افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال اور دو طرفہ تعاون سمیت علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں تیزی سے ابھرتا ہوا انسانی بحران تشویشناک ہے، عالمی برادری، افغان عوام کو انسانی و معاشی معاونت فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ کاوشیں بروئے کار لائے۔

 

 

جون 2019ء  میں برسلز میں سیکرٹری جنرل کے ساتھ ہونیوالی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے سیاسی اور فوجی روابط نے باہمی مفادات کے امور پر دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے پاکستان اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ امن کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پاکستان، جموں و کشمیر کے تنازع سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔

وزیر خارجہ نے افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ افغانستان میں تیزی سے ابھرتا ہوا انسانی بحران تشویشناک ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری، افغان عوام کو انسانی و معاشی معاونت فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ کاوشیں بروئے کار لائے۔

وزیر خارجہ نے ، افغانستان سے مہاجرین کی نقل مکانی کے خطرے کو روکنے، افغانستان کو ایک بار پھر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ اور منشیات کا مرکز بننے سے بچانے کے لیے طالبان کے ساتھ بین الاقوامی برادری کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری کی توجہ افغانستان میں پنپتے ہوئے انسانی بحران کی جانب مبذول کروانے کیلئے پاکستان 19 دسمبر کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔

سیکرٹری جنرل سٹولٹن برگ نے افغانستان میں نیٹو کی دو دہائیوں پر محیط موجودگی کے دوران پاکستان کی حمایت اور کردار کی تعریف کی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved