وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے سانحہ سیالکوٹ پر دئیے گئے اپنے بیان کی وضاحت کر دی ہے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا میرے بیان کے حوالے ایک الگ بحث چھیڑ لی گئی ہے، مجھ سے سوال کیا گیا تھا کیاکہ حکومت اور تحریک لبیک کے معاہدے کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ہے؟ جس کی میں نے یہ وضاحت دی تھی کہ اس واقعے پر کسی مذہبی جماعت یا حکومت کو ذمہ دار ٹھہرانا مناسب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیالکو ٹ کا واقعہ انتشارپھیلانے والوں نے ایک باقاعدہ سازش کے تحت کیا، ہمارا مذہب اسلام کسی کو یہ اجازت نہیں دیتا کہ وہ کسی کو قتل کرے چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہی کیوں نہ ہو۔
وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ سیالکو ٹ واقعے میں ملوث ملزمان میں سے بیشتر کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور مزید گرفتاریاں بھی جاری ہیں، حکومت کوشش کررہی ہے کہ ذمہ داران کو قرار واقعی سزادی جائے، تاکہ پاکستان میں ایک مثال بن جائے۔