نوازشریف وطن واپس آنا چاہیں تو 24 گھنٹوں میں انہیں سفری دستاویزات فراہم کر دیں گے، وزیر داخلہ

8  دسمبر‬‮  2021

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ لوگوں کو 24 گھنٹوں میں پاسپورٹ مل رہا ہے اگر نواز شریف بھی واپس آنا چاہتے ہیں، تو انہیں بھی 24 گھنٹوں میں تمام مطلوبہ دستاویزات ان کے گھر پہنچا سکتے ہیں لیکن وہ نہیں آئیں گے۔

آج  ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں مختلف نئے اقدامات کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہے کہ 100 دنوں میں ای پاسپورٹ پاکستان میں شروع ہوجائے اور آئندہ سال کے آغاز پر ای پاسپورٹ کی سہولت مل سکے، شہریت کی منسوخی اور ایمرجنسی سفری دستاویزات کی آن لائن سہولت بھی فراہم کررہے ہیں،  اور ای پاسپورٹ میں حائل رکاوٹیں بھی دور کر رہے ہیں۔

رانا شمیم کا نام پی این آئی ایل میں ڈال دیا ہے

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ  ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں منی لانڈرنگ اورڈالر بحران  پیدا کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے،  پاکستان میں جو بھی غریبوں کا خون چوستے ہیں ان کے خلاف کارروائی کریں گے،ملک کی بدنامی کا باعث بننے والوں پر بھی ہاتھ ڈالا جائے گا،رانا شمیم کا نام پی این آئی ایل میں ڈال دیا ہے اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی ہے، جس کیلئے اجلاس منعقد ہوگا۔

اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات دیں گے

وفاقی وزیر داخلہ کا اپنے خطاب میں کہنا تھا  کہ دنیا بھر میں اوورسیز پاکستانیوں کی تعداد 1 کروڑ ہے،سمندر پار پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دیں گے، 191ممالک میں آن لائن پاسپورٹ کی سہولت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو افغانستان میں انسانی بحران اور وہاں بھوک کے مسائل سے آگاہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 دسمبر تک وہ اپنی وزارت، ایف آئی اے ، نادرا پاسپورٹ اور نیکٹا کی کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر توجہ دے رہے ہیں اورنیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے قوم کوآگاہ رکھیں گے۔

پی ڈی ایم مہنگائی مارچ کی تاریخ تبدیل کر لے

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم 23 کی بجائے 30 مارچ کو احتجا ج کر لے کیونکہ 23 مارچ کی تیاری اور پریڈ کے حوالے سے جی ٹی روڈ پر نقل و حمل ہوتی ہے ، میں نہیں چاہتا کہ اس حوالے سے کو ئی شکایت پیدا ہو، پی ڈی ایم نے کمپنی کی مشہوری کیلئے 4ماہ کا ٹائم دیا ہے، اپوزیشن صحیح طریقے سے تحریک چلانے کا انتخاب نہیں کرسکی جس سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved