پاک بحریہ کا میزائل فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ

8  دسمبر‬‮  2021

پاک بحریہ کے ایئر ڈیفنس یونٹس نے کراچی میں فضائی دفاع کے زمینی نظام(GBAD) کے ذریعے زمین سے فضاءمیں مار کرنے والے میزائلوں (SAMs) کی کامیاب فائرنگ کرتے ہوئے حربی تیاری اور جنگی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

امیرالبحر کو پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور زمین سے فضا میں مارکرنے والے میزائلوں کی شمولیت سے دفاعی صلاحیت میں اضافے کے لیے جاری پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور افسروں اور جوانوں کے انتھک عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف نے سیل(SEAL) بٹالین ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں اسپیشل سروس گروپ نیوی (SSG(N نے مختلف ٹیکٹیکل مشقوں کے ساتھ فائر پاور کا مظاہرہ کیا جس میں غیر مسلح لڑائی، طیاروں کی ہائی جیکنگ کے خلاف آپریشنز ، یرغمالیوں کو بچانے کے آپریشنز اور چھاپہ مار مشقیں شامل تھیں۔

 

 

قبل ازیں چیف آف دی نیول اسٹاف نے کریکس میں تعینات پاک بحریہ کے دستوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کریکس ایریا کا دورہ بھی کیا۔ نیول چیف کو کریکس ایریاز کے دفاع کے لیے حربی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ امیر البحر نے افسروں اور جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں پاکستان کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے بہترین خدمات پیش کرنے پر سراہا اور مزید جانفشانی سے کام کرنے کی ترغیب دی۔

نیول چیف نے یقین دلایا کہ پاک بحریہ ملک کے خلاف کسی بھی ناپاک منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

 

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved