وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا نے مانا کہ پاکستان نے سب سے بہتر طریقے سے خود کو کورونا وائرس کی وبا کی مشکل صورتحال سے نکالا۔
آج گورنر ہاؤس پشاور میں احساس کفالت پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے دوران پابندیاں نہ لگانے پر مجھ پر بہت تنقید کی گئی، لیکن اب دنیا کہہ رہی ہے پاکستان نے سب سے بہتر طریقے سے خود کو کورونا وائرس کی وبا کی مشکل صورتحال سے نکالا اور بین الاقوامی جریدے دی اکانومسٹ نے بھی اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران پاکستان نے اپنے لوگوں اور معیشت دونوں کو بچا لیا۔
🔴Live
وزیر اعظم کامیاب پروگرام کے تحت مائیکرو ہیلتھ انشورنس پروگرام کے اجراء کی تقریبوزیر اعظم عمران خان کا تقریب سے خطاب@PakPMO @IMMahmoodKhan https://t.co/Pv5ZoZAGfQ
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) December 8, 2021
احساس راشن پروگرام سے 53 فیصد آبادی مستفید ہو گی
احساس راشن پروگرام کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے اجراء سے شہریوں کو آٹا، گھی، تیل اور دالوں کی خریداری پر30 فیصدرعایت ملے گی، احساس راشن پروگرام کی کل لاگت 120ارب روپے ہے، پروگرام کے تحت 2 کروڑ خاندان اور تقریبا 13 کروڑ افراد مستفید ہوں گے جو ملک کی کل آبادی کا تقریبا 53 فیصد ہے، ماہانہ 50 ہزار سے کم آمدن والے خاندان اس پروگرام سے استفادہ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے ۔ اہل صارفین کو کل خریداری پر 30فیصد رعایت ملے گی،یہ رعایت آٹا، گھی یا تیل اور دالوں پرملے گی، ان کا کہنا تھا کہ کریانہ سٹور مالکان بھی اس پروگرام میں رجسٹر ہو سکتے ہیں۔
نیا پاکستان صحت کارڈ کا آغاز بھی خیبر پختونخوا سے ہونا صوبے کیلئے اعزاز ہے
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صحت کارڈ کا اجرا بھی خیبر پختونخوا سے ہوا ، اب نیا پاکستان کارڈ کا آغاز بھی یہاں سے ہو رہا ہے جو اس صوبے کیلئے اعزاز ہے، یو این ڈی پی کی رپورٹ تھی کہ 2013ء سے 2018ء تک پختونخوا میں سب زیادہ تیزی سے غربت میں کمی ہوئی، یہ صوبہ دہشت گردی سے بہت زیادہ متاثر تھا ۔انہوں نے کہا کہ اب صوبے میں پہلی بار 30 فیصد لوگوں کو ہیلتھ انشورنس ملی، غریبوں کے لیے کینسر کے علاج کا ہسپتال بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں جنوری میں ہیلتھ انشورنس دے رہے ہیں۔بلوچستان کے وزیر اعلی نے بھی ہیلتھ انشورنس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جہاں جہاں ہماری حکومت ہے وہاں ہر خاندان کو علاج کے لیے 10 لاکھ روپے دیں گے۔ علاج کی سہولت دینا ہمیں فلاحی ریاست کی طرف لے کر جا رہا ہے۔
47 ارب 63 لاکھ کی سکالر شپس دے رہے ہیں
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہم طلبہ کو سکالر شپ کی مد میں 47 ارب 63 لاکھ روپے دے رہے ہیں، سکالرشپس میرٹ پر دی جائیں گی۔ آئندہ 10 سال میں 10 ڈیم بنائیں گے، ہمارا ملک بہت تیزی سے ترقی کرے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت ہمارے ہاں پٹرول اور ڈیزل کے نرخ دنیا کے اکثر ممالک کے مقابلہ میں کم ہیں۔