یورپی کمیشن کے نائب صدر جوزف بوریل کا پاکستان میں توہین رسالت کے قانون کے غلط استعمال پر اظہار تشویش

8  دسمبر‬‮  2021

یورپی کمیشن کے نائب صدر جوزف بوریل  نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ برسلز میں ملاقات کی، جس میں انہوں نے پاکستان میں سزائے موت اور توہین رسالت کے قوانین کے غلط استعمال پر خدشات کا اظہار کیا۔

برسلز – (اے پی پی): پاکستان اور یورپی یونین نے باہمی روابط ،بالخصوص سیکیورٹی اور علاقائی تعاون کو مزید بڑھانے،منشیات اور دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے افغانستان کے ساتھ مسلسل روابط برقرار رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا ہے۔

بدھ کو برسلز میں یورپی یونین پاکستان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے چھٹے مرحلے کے اختتام پر جاری مشترکہ بیان کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین نے عدم پھیلاؤ، تخفیف اسلحہ اور انسداد دہشت گردی سے متعلق نئے یورپی یونین پاکستان سکیورٹی ڈائیلاگ کا پہلا اجلاس اگلے سال منعقد کرنے پر اتفاق اور مذہبی و عقیدے کی آزادی، بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری، پرامن بقائے باہمی،  اقلیتوں اور انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ بنیادی آزادیوں کو مضبوط بنانے اور تحفظ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔

خارجہ امور اور سیکیورٹی پالیسی کے اعلیٰ نمائندے اور یورپی کمیشن کے نائب صدر جوزف بوریل اور پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی یورپی یونین پاکستان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے چھٹے مرحلے کی مشترکہ صدارت کر رہے تھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور جوزف بوریل نے اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کی بنیاد پر پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان جاری تعاون کا جائزہ لیا اور یورپی یونین پاکستان باہمی روابط،بالخصوص سکیورٹی اور علاقائی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دنیا میں اسلامو فوبیا، زینو فوبیا اور مذہبی عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحانات اور ان کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ عزم کی ضرورت پر زور دیا۔

فیٹف ایکشن پلان پر پاکستان کی کوششوں کا خیرمقدم

یورپی یونین نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی پیش رفت اور باقی اقدامات کو حل کرنے کے لیے جاری کوششوں کا خیرمقدم کیا۔ دونوں فریقوں نے جی ایس پی پلس، انسانی حقوق، مزدوروں کے حقوق، ماحولیات کے تحفظ اور اس سے منسلک گڈ گورننس پر 27 بین الاقوامی کنونشنوں کے نفاذ کے لیے مضبوط سیاسی عزم کا اظہار کیا۔

پاکستان میں سزائے موت اور توہین رسالت کے قانون کے غلط استعمال پر اظہار تشویش

جوزف بوریل نے سزائے موت اور توہین رسالت کے قانون کے غلط استعمال پر خدشات کا اظہار کیا جبکہ پاکستان کی پارلیمنٹ کی طرف سے صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کے بل کو منظور کرنے پر تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ تشدد کی روک تھام اور انسانی حقوق سے متعلق دیگر قانون سازی کے بل جو پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے ہیں،بھی جلد منظور کر لی جائیں گی۔انہوں نے انتخابی معاملات پر پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون کا بھی خیر مقدم کیا۔

جوزف بوریل اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق کلائمیٹ فنڈز بارے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔جوزف بوریل نے گلاسگو کانفرنس سسے قبل مشترکہ مقاصد تک پہنچنے کے لیے پاکستان کے قومی سطح پر طے شدہ شراکت کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔

افغان صورتحال کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ روابط قائم رکھنے پر اتفاق

یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے اور وزیر خارجہ نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے افغانستان میں استحکام کو فروغ دینے اور منشیات سمیت دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے افغانستان کے ساتھ مسلسل روابط برقرار رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ انہوں نے معاشی تباہی اور انسانی بحران اور پناہ گزینوں کے نئے بہاؤ کے امکانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

فریقین نے افغانستان کے سنگین لیکویڈیٹی چیلنجوں کو تسلیم کیا۔ انہوں نے افغان عوام کو فوری اور بلا روک ٹوک انسانی امداد اور بنیادی سماجی خدمات کی حمایت جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے سماجی و اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے اور انسانی حقوق ،بالخصوص خواتین ، لڑکیوں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا ۔ دونوں فریقوں نے قومی مفاہمت کے حصول کے لیے افغان فریقین کے درمیان بات چیت کی حمایت کی اور سلامتی اور استحکام کے امکانات کو بڑھانے کے لیے ایک جامع اور نمائندہ حکومت کی اہمیت پر زور دیا۔

افغانستان سے انخلاء پر پاکستان کا شکریہ

اعلیٰ نمائندے نے یورپی یونین کے شہریوں کے انخلااور افغانستان سے لوگوں کو محفوظ راستہ فرا ہم کرنے میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے متنازعہ علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں پر پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیا۔

جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں

اعلیٰ نمائندے بوریل نے اس بات پر زور دیا کہ یورپی یونین جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال کو قریب سے دیکھ رہا ہے ،انہوں نے تحمل سے کام لینے، تناؤ میں کمی اور تنازعہ کو بات چیت اور تعمیری سیاسی اور سفارتی رابطوں کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved