پاکستان نے امریکہ کی میزبانی میں ہونے والی جمہوریت کانفرنس میں شرکت سے معذرت کر لی

8  دسمبر‬‮  2021

امریکہ نے جمہوریت پر ورچوئل کانفرنس میں 100 سے زائد ممالک کو شرکت کی دعوت دی تھی، جس میں پاکستان کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

آج دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آزاد عدلیہ، سول سوسائٹی اور میڈیا کے ساتھ ایک بڑی فعال جمہوریت ہے، اور ہم جمہوریت کی مزید مضبوطی، بدعنوانی سے جنگ، شہریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے پر عزم ہیں۔ حکومت پاکستان نے حالیہ برسوں میں ان مقاصد کے حصول کیلئے وسیع تر اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے تحریری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کیلئے  امریکہ کے ساتھ شراکت داری بہت اہم ہے،  اور ہم  دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر تعاون میں بھی فروغ کے خواہش مند ہیں۔ہم امریکہ کے ساتھ وسیع تر معاملات پر رابطے میں ہیں،  اور سمجھتے ہیں کہ ہم اس موضوع  پر بھی مستقبل میں کسی مناسب موقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستان امریکہ کے ساتھ مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے بات چیت کے عمل کو مضبوط بنانے، پائیدار تعلقات اور بین الاقوامی تعاون کیلئے کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ امریکہ کی میزبانی میں 9 اور 10 دسمبر کو ہونے والی جمہوریت کانفرنس میں 100 سے زائد ممالک کو شرکت کی دعوت دی  گئی تھی، جبکہ چین اور روس کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved