بلاول سندھ کے بلدیاتی نظام میں اصلاحات کی بات تو کر رہے ہیں، ای وی ایم پرمشاورت کیوں نہیں کرتے، فرخ حبیب

8  دسمبر‬‮  2021

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول صاحب آج بلدیاتی نظام میں اصلاحات کی بات تو کر رہے ہیں، ای وی ایم پر کیوں نہیں مشاورت کرتے؟ کرپٹ سیاسی جماعتیں کبھی بھی انتخابی اصلاحات کی بات نہیں کر سکتیں۔

اسلام آباد – (اے پی پی): وزیر مملکت فرخ حبیب نے بلاول زرداری کی میڈیا سے گفتگو پر رد عمل دیتے ہوئےکہا کہ بلاول صاحب یہ کون سا بلدیاتی نظام ہے جس میں کوئی مشاورت ہی نہیں کی گئی؟اس بلدیاتی نظام کو پاس کرانے میں عجلت کیوں برتی گئی؟ وزیر مملکت نے کہا کہ پیپلزپارٹی 13 سال سے سندھ میں بر سر اقتدار ہے، سندھ کے عوام پیپلز پارٹی سے ہر صورت میں نجات چاہتے ہیں۔

ذخیرہ اندوزوں کی پشت پناہی کے باعث سندھ میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے

فرخ حبیب نے کہا کہ اگر 13سالوں میں سندھ حکومت نے کوئی ایک بڑا کام کیا ہے تو سامنے لائیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی نااہلی اور ذخیرہ اندوزوں کی پشت پناہی کے باعث سب سے زیادہ مہنگائی کراچی میں ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1100روپے میں جبکہ کراچی میں 1400روپے کا فرخت ہورہا ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ میں اربوں کی گندم چوری کرلی جاتی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاغذوں میں سندھ میں اربوں روپے صحت اور تعلیم کے شعبے پرخرچ ہوئے لیکن آج بھی سندھ کے ہسپتالوں میں ایمبولینس نہیں ہیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ کے عوام کو ٹینکر مافیا، گرانفروشوں اور لینڈ مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، جعلی ڈومیسائل پر نوکریوں کا اعزاز بھی پیپلز پارٹی حکومت کو ہی حاصل ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ گرین لائن،سندھ کے پسماندہ علاقوں کی ترقی، نالوں کی صفائی سمیت ہر بڑا کام وفاقی حکومت کر رہی ہے، سندھ حکومت سوائے کرپشن کے کچھ نہیں کررہی۔فرخ حبیب نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ دونوں نے اپنے اپنے ادوار میں ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی اور عوام خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پیپلز پارٹی دور میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بھی کرپشن کا بازار گرم تھا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ سماجی تحفظ کے لئے احساس پرگرام کے لئے رواں سال 260 ارب مختص کئے گئے ہیں، احساس کے تحت 34 پروگرام کامیابی سے چل رہے ہیں۔وزیر مملکت نے کہا 2018ء کے  الیکشن میں عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا اس کو پورا کرنے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved