پشاور سے سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار شوکت ترین کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیل مسترد کردی گئی۔
شوکت ترین کے سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی کو اے این پی کے امیدوار شوکت امیر زادہ نے الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ شوکت ترین کراچی کے مستقل رہائشی ہیں، اور ان کا ووٹ غیر قانونی طور پر الیکشن سے چند روز قبل مردان منتقل کیا گیا، حالانکہ صوبے کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد ووٹ منتقل کرنے پر پابندی عائد ہے۔
اس موقع پر شوکت ترین کے وکیل علی گوہر درانی ایڈووکیٹ نے ٹریبونل کو بتایا کہ سینیٹ کیلئےالیکشن کمیشن کا سرٹیفکیٹ ہی کافی ہوتا ہے، ٹریبونل کے جج جسٹس سید محمد عتیق شاہ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شوکت امیر زادہ کی اپیل خارج کردی۔