ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی ترکی میں قطر کی ڈپٹی اسپیکر سے ملاقات

10  دسمبر‬‮  2021

ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے ترکی کے شہر استنبول میں منعقدہ او آئی سی ممبر ممالک کی پارلیمانی یونین (پی یو آئی سی) کے 16 ویں اجلاس کے موقع پر قطر کی ڈپٹی اسپیکر سے سائڈ لائن ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، اور پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کے فروغ کے ذریعے انہیں مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے دنوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین رابطوں کی فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی، تجارتی اور دفاعی شعبوں سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان میں ہنر مند افرادی قوت موجود ہے جو قطر میں منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے سلسلے میں انفراسٹرکچر کی تعمیر اور سیکورٹی فراہم کرنے میں بہترین خدمات سر انجام دے سکتی ہے۔

قاسم خان سوری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور سی پیک کی بدولت ملک میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں، جن سے قطر کے سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ قطر میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد قطر کی تعمیر و ترقی میں اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے قطر کی پارلیمنٹ سے قطر میں مقیم دو لاکھ پاکستانی تارکین وطن کو سفر کے دوران قرنطینہ میں نرمی کرنے اور قطر کی جیلوں میں معمولی جرائم میں قید اوورسیز پاکستانیوں کی رہائی سمیت پشاور اور لاہور میں قطر کیلئے ویزہ سینٹر قائم کرنے کی پیشکش کی۔

قطر کی ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ پاکستان دنیائے اسلام کا ایک اہم ملک ہے اور قطر پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اسے عملی جامہ پہنانے کیلئے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مسلم اُمہ کے مابین اتحاد کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے قطر میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کا یقین دلایا۔

ملاقات میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے علاوہ ہمراہ سینیٹر رانا مقبول احمد اور ترکی میں پاکستانی سفیر محمد سائرس سجاد قاضی بھی موجود تھے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved