اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف کی ضرورت ہے۔ لوگوں کو ریلیف دینا انسانیت کی خدمت ہے، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے پولیٹیکل کوآرڈ نیٹر سپیکر پنجاب اسمبلی و صدر مسلم لیگ راولپنڈی زبیر احمد خان نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ، وفد سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام نے انسانیت کا درس دیا اور لوگوں کو ریلیف دینا انسانیت کی خدمت ہے، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
اس وقت مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے جامع پلان بنانے کی ضرورت ہے، حکومت جان لے کہ اگر مہنگائی کو کنٹرول نہ کیا توساری پرفارمنس ختم ہو جائے گی.
— Parvez Elahi (@chparvezelahi) December 10, 2021
پرویز الٰہی نےگزشتہ ماہ قیمتوں میں بے لگام اضافے اور مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پنجاب اور وفاقی حکومتوں کی حمایت جاری رکھنا ہر گزرتے دن کے ساتھ مشکل ہوتا جا رہا ہے۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اس حالات میں وہ اپنے ووٹروں کا سامنا کرنے سے قاصر ہیں۔
اس سے پہلے بھی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں چوہدری پرویز الٰہی نے امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ، پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔پرویز الہی کا کہنا تھا کہ اس وقت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے جامع پلان بنانے کی ضرورت ہے۔زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کرنا پڑیں گے۔ مہنگائی کی وجہ سے عوام کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ کراچی میں اومی کرون وائرس کے مزید کیس سامنے آنے کے بعد فوری طور پر صوبوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنا پڑیں گی۔
اس موقع پرچودھری پرویز الٰہی نے صدر مسلم لیگ راولپنڈی زبیر احمد خان اور فیاض تبسم کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا۔