وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ کے دور میں یہ منصوبہ کاغذی تھا، عملی شکل ہم نے دی ہے، گرین لائن منصوبہ ہمارے دور میں مکمل ہوا ہے۔
آرٹس کونسل میں جاری عالمی اردو کانفرنس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو شدت پسندی سے بچانے کے لیے متبادل بیانیہ ضروری ہے۔
سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کتنے پانی میں ہے یہ کراچی والوں سے بہتر کون جانتا ہے، صرف کہنے سے نہیں گرین لائن وفاق کے پیسے سے بنی، گرین لائن پراجیکٹ 35 ارب روپے خرچ کرنے سے منصوبہ بنا ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے دور میں یہ منصوبہ کاغذی تھا، اسے عملی شکل ہم نے دی، گرین لائن منصوبہ ہمارے دور میں مکمل ہوا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اردو سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں میں شامل ہے، پوری دنیا میں ہماری زبان پہچانی جاتی ہے جس کی بڑی وجہ اردو لٹریچر پر کیا جانے والا انتھک کام ہے، اسی وجہ سے اردو کا شمار دنیا کی بڑی زبانوں میں ہوتا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ نئے رائٹرز اور شاعر ابھر کر سامنے آئیں، نئے لکھنےوالوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار فواد چوہدری نے کراچی آرٹس کونسل میں منعقدہ عالمی اردو کانفرنس میں کیا، فوادچوہدری نے کہا کہ کانفرنس میں شرکت کرنے کو اپنے لئے اعزاز سمجھتا ہوں، آرٹس کونسل داد کی مستحق ہے جو اتنابڑا ادبی میلہ سجارکھاہے۔