مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ جس پولنگ سٹیشن پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہوئی اسے نکال کر آگ لگا دیں گے۔
لاہور میں پارٹی کے تنظیمی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو بھول جائے، اس کے خلاف ہر حربہ استعمال کریں گے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے الیکشن کروائے گئے تو مشینوں کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکال کر آگ لگا دیں گے۔
عدم اعتماد کی باتیں چوکوں چوراہوں پر نہیں ہوتیں
پنجاب اور وفاق میں تحریک عدم اعتماد لانے کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ باتیں چوکوں چوراہوں میں نہیں ہوتیں، اگر نمبرز پورے ہوں تو پنجاب ہی نہیں وفاق میں بھی عدم اعتماد لائیں گے، استعفوں پر ہمارا واضح موقف ہے کہ تمام اپوزیشن پارلیمنٹ سے باہر آجائے تو پھر استعفے موثر ہوں گے، لانگ مارچ کی تاریخ کا تعین 6 دسمبر کے پی ڈی ایم کے اجلاس میں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ملک کو ہماری وجہ سے کوئی نقصان پہنچے، آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر اپنے مطالبات منوانا چاہتے ہیں۔
ان علاقوں پر فوکس کر رہے جہاں سے ن لیگ کے لوگوں کو نکال کر پٹے پہنائے گئے
پارٹی کی تنظیم سازی کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پارٹی کو یونین کونسل کی سطح پر منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، آج اس کی رپورٹ پیش کی گئی جو بہت حوصلہ افزا ہے، 60 فیصد کارکردگی کی رپورٹ ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم ان علاقوں پر فوکس کر رہے جہاں سے (ن) لیگ کو نکال کر کسی اور جماعت کے لوگوں کو پٹے پہنائے گئے، 25 دسمبر کو تنظیم سازی مکمل ہوجائے گی،علماء ونگ کو بھی مکمل کیا جارہا۔
مسائل کا حل فوری انتخابات ہیں
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء کا کہنا تھا کہ آج حکومت کسی سطح پر نظر نہیں آرہی، ان میں گورننس نام کی کوئی بھی چیز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے دفتر میں ٹاؤٹ بیٹھے ہیں، ایسی کرپشن گزشتہ چوہتر سالوں میں نہیں دیکھی جو آج حکومت کر رہی ہے،پورا صوبہ چوروں،ڈاکوؤں کے حوالے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آج جن حالات کا سامنا ہے اس کا حل یہ ہے کہ فوری شفاف الیکشن کروائے جائیں۔
ساری معیشت آئی ایم ایف کے حوالے کر دی گئی
مہنگائی کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی اپنے عروج پر ہے لیکن کوئی پوچھنے ولا نہیں، ایک سازش کے تحت اس ٹولے کو ملک پر مسلط کیا گیا، انہوں نے اسٹیٹ بنک سے لے کر ساری معیشت آئی ایم ایف کے سپرد کر دی۔ انہوں نے کہا کہ جب پٹرول دو سو روپے لیٹر پہنچے گا تو عوام کا جینا مشکل ہوجائے گا، لیکن حکمرانوں کے پاس انتقام اور گھٹیا گفتگو کے سوا کچھ نہیں، یہ ملک کو تباہ کر رہے ہیں۔
جس پولنگ سٹیشن پر ای وی ایم ہوئی، اسے آگ لگا دیں گے، رانا ثناءاللہ
4
دسمبر 2021