وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں پاکستان نے روس یوکرین کشیدگی پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ روس کے تناظر اور دوطرفہ امور پرگفتگو کی گئی،وزیر خارجہ شاہ محمود نے یوکرین صورتحال پرپاکستان کی تشویش کا اظہار کیا اور یواین چارٹرکے بنیادی اصولوں کے مطابق کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیا، وزیرخارجہ نے یو این چارٹر کے تحت تنازع کے سفارتی تصفیے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ توقع ہے روس اور یوکرین مذاکرات سفارتی حل کی تلاش میں کامیاب ہوں گے،دفترخارجہ کے مطابق روسی وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو موجودہ صورتحال پر روس کے نقطہ نظر سے بھی آگاہ کیا۔
روسی وزیرخارجہ نے پشاورمیں دہشتگردی کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان سمیت خطے کے اہم امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان میں امن واستحکام کیلئے مشترکہ کوششوں پراتفاق کیا،شاہ محمود قریشی نے روسی ہم منصب سے پاکستانی شہریوں کی مدد اورسہولت فراہم کرنےکی درخواست کی اور کہا کہ یوکرین سے پاکستانی شہریوں کی محفوظ اور جلد واپسی حکومت کی اولین ترجیح ہے، روسی وزیرخارجہ نے پاکستانی شہریوں کے محفوظ انخلا کیلئے مکمل تعاون کایقین دلایا،دونوں وزرائےخارجہ نے ابھرتی ہوئی صورتحال پررابطےجاری رکھنےپراتفاق کیا۔