کرپشن کیس:سابق فرانسیسی وزیر اعظم بری،وزیردفاع کوسزا

16  جون‬‮  2021

ایڈورڈ بیلاڈور پر اسلحے کی ڈیل میں رشوت لینے کا الزام تھا
فرانس کی ایک عدالت نے اسلحے کی ڈیل میں رشوت لینے کے الزام میں فرانس کے سابق وزیراعظم ایڈورڈ بیلاڈور کوبری کردیا تاہم ان کے وزیر دفاع کو معطل جیل کی سزا سنادی۔ معطل جیل کی سزا سے مراد ایسا عدالتی فیصلہ ہے جس پر حکم کا نفاذ ایک مخصوص مدت میں اچھے چال چلن کی شرط پر روک دیا جاتا ہے۔ لا کورٹ آف ریپبلک (سی جے آر) جس نے سابق وزیروں کے دورمیں ہونے والی مبینہ خلاف ورزیوں کے الزام میں موجودہ اور سابق وزیروں کا ٹرائل کیا، کا فیصلہ سابق صدر نکولس سرکوزی کو بدعنوانی کے الزام میں سزا سنائے جانے کے کچھ ہی دن بعد سامنے آیاہے۔

91 سالہ ایڈورڈ بیلاڈور پر 1995 میں ناکام صدارتی مہم کے لئے غیر قانونی کمشنزکو ہتھیاروں کے سودوں سے دور کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ ان کے سابق وزیر دفاع 78 سالہ فرینکوئس لیوٹارڈ کو اثاثوں کے ناجائز استعمال میں ملوث ہونے کے الزام میں سزا سناتے ہوئے معطل دو سال قید اور ایک لاکھ یورو (تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر)کا جرمانہ کیاگیا۔ فیصلے کے وقت دونوں میں سے کوئی بھی عدالت میں موجود نہیں تھا۔ایڈورڈ بیلاڈور اور فرینکوئس لیوٹارڈ دونوں پر 1993 اور 1995 کے درمیان پاکستان کو آبدوزوں اور سعودی عرب کو فیری گیٹس کی فروخت میں کارپوریٹ اثاثوں کے غلط استعمال میں سازش کرنے پر 2017 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

سابق صدرسرکوزی کوبدعنوانی پرسزائے سنائے جانے کے بعدآنے والے اس فیصلے نے فرانس میں ایک نئی بحث کاآغازکردیاہے۔ اس فیصلے کا مطلب یہ تھا کہ فرانس کی دائیں بازو کی جماعت کے دونوں آخری سربراہان، جنہیں اب ریپبلکنز کہا جاتا ہے، جیک شیراک اور سرکوزی، کو مجرمانہ سزا یافتہ قرار دیا گیا ہے۔سرکوزی نے اپنے خلاف فیصلے پر اپیل دائر کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ایڈورڈ بیلاڈور اور فرینکوئس لیوٹارڈ کے خلاف یہ الزامات 2002 میں کراچی میں ہونے والے بم دھماکے کی تحقیقات کے دوران سامنے آئے جس میں فرانسیسی انجینئرز کی بس کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

اس حملے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں آبدوز کے معاہدے پر کام کرنے والے 11 انجینئر بھی شامل تھے۔ابتدا میں یہ شبہ ظاہرکیاگیا کہ یہ حملہ القاعدہ کے دہشت گرد نیٹ ورک نے کیاہے۔ بعد میں تفتیش کاروں کا دھیان اس جانب گیا کہ کہیں یہ حملہ بیلاڈور کو صدارتی انتخاب میں شکست دینے کے بعد جیکوئیس شیراک کی جانب سے اسلحے کی ڈیل میں کمیشن کی ادائیگی روکنے کے فیصلے پر انتقام لینے کے لئے تو نہیں کیا گیا۔ ایڈورڈ بیلاڈور 1995 میں صدارتی انتخاب میں ہار گئے تھے اور ان کے حریف نے مبینہ طور پر سابقہ حکومت کے ذریعے طے کی جانے والی ادائیگیوں کو روک دیا تھا۔ لیوٹارڈ پر یہ الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے ثالثوں کا ایک مبہم نیٹ ورک قائم کیا جو پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ معاہدوں پر کمیشن لیتا تھا اور پھر اس میں سے کچھ رقم غیرقانونی نقد ی کی منتقلی کےذریعے واپس کی جاتی تھی۔

پراسیکیوٹرز نے الزام لگایا کمشنزکی یہ رقم کل مجموعی طور پر 55 کروڑ فرانکس یا 11 کروڑ 70 لاکھ یورو بنتی ہے جس میں کچھ بیلاڈور کی مہم میں لگائی گئی۔ 1995میں انتخابی شکست کے تین روز بعد بیلاڈور کے انتخابی اکائونٹ میں ایک کروڑ سے زائد فرانک نقد رقم جمع کرائی گئی ۔ ایڈورڈ بیلاڈور نے دعوٰی کیا کہ یہ رقم امدادی کارکنوں کی جانب سے دیئے گئے عطیات اور تجارتی فروخت سے حاصل ہوئی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved