گنگولی فارغ، بھارتی کرکٹ بورڈ کا نیا سربراہ کون؟

18  اکتوبر‬‮  2022

سابق بھارتی کرکٹر راجر بنی کو بھارتی کرکٹ بورڈ کا نیا سربراہ مقرر کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 1983ء کی بھارت کی ورلڈکپ فاتح ٹیم کے رکن 67 سالہ راجر بنی کو سارو گنگولی کی جگہ بی سی سی آئی کا نیا صدر مقرر کیا گیا ہے، راجر بنی کے مقابلے میں کسی امیدوار نے صدر کیلئے کاغذات جمع نہیں کرائے تھے۔

سابق میڈیم پیسر راجر بنی اس سے قبل کرناٹکا کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر کے طور پر ذمے داریاں انجام دے رہے تھے۔

راجر بنی بھارت کی 1983ء کی ورلڈکپ فاتح ٹیم کے اہم کھلاڑی تھے جنہوں نے اس ایونٹ میں 18 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ راجر بنی کی تقرری سے پہلے گنگولی نے نئی دہلی میں حکومتی عہدیداران سے متعدد میٹنگز کی تھیں جس میں انہوں نے بی سی سی آئی کے صدر کیلئے دوسری مدت کی درخواست کی تھی تاہم ان کی درخواست کو زیر غور نہیں لایا گیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گنگولی کو آئی پی ایل کی چیئرمین شپ کی پیشکش کی گئی تھی جسے انہوں نے قبول کرنے سے معذرت کرلی۔

واضح رہے کہ بھارت کے میڈیا ذرائع اس فیصلے سے قبل ہی سارو گنگولی کو بھارتی کرکٹ بورڈ  کے سربراہ کے عہدے سے ہٹائے جانے کی پیشگوئی کر رہے تھے، کیونکہ انہوں نے بی جے پی میں شمولیت سے معذرت کر لی تھی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved